جامعات الصالحات بھٹکل کے زیر اہتمام تعمیر شدہ فلیٹس کا ہوا افتتاح: صالحات کے مکاتب شروع کرنے کا بھی کیا گیا اعلان
05:09PM Sat 5 Feb, 2022

بھٹکل : 5 فروری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جامعات الصالحات بھٹکل کے زیر اہتمام آزاد نگرمیں تعمیر کیے گئے بارہ فلیٹس 'منازل جامعات الصالحات' کا قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبد الرب ندوی کی دعا کے ساتھ عمل میں آیا۔
اس موقع پر ناظم جامعات الصالحات مولانا محمد الیاس ندوی نے جامعات الصالحات کی مکمل تاریخ بیان کی اور کہا کہ ان بارہ فلیٹس کی تعمیر کا مقصد جامعات الصالحات کو مالی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر آئندہ سال سے صالحات کے مکاتب شروع کرنے اور صالحات کے زیر اہتمام ایک منظم انداز میں دوپہر تین سے شام تک حفظ کلاسس شروع کرنے کے پروگرام کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی ، ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا طلحہ ندوی اور مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اسٹیج پر جامعات الصالحات کے صدر جناب عبدالحمید صاحب دامودی ، نائب ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا خلیل الرحمن منیری ، ٹرسٹی جامعات الصالحات جناب ابراہیم صاحب قاضیا ، جناب عبدالباری صاحب محتشم اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر اس عمارت کی تعمیر میں اپنی دلچسپی سے خدمت کرنے والوں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا ۔مولانا انصار ندوی مدنی کے شکریہ کلمات پر یہ افتتاحی تقریب اختتام کو پہنچی۔








