بھٹکل کی تمام مساجد میں کل جمعہ کی جگہ ظہر کی نماز ادا ہوگی:  پنج وقتہ نمازوں میں بھی حکومت کی ہدایات پر مکمل عمل کرنے کی تاکید

02:42PM Thu 22 Apr, 2021

بھٹکل: 22 اپریل، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں کورونا کے بڑھتے معاملات کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے ویک اینڈ اور رات کے کرفیو کے ساتھ ساتھ 4 مئی تک بہت سی پابندیاں لگادی ہیں۔ اسی کے چلتے آج مجلس اصلاح و تنظیم میں قاضی صاحبان کی سرپرستی میں ایک نشست منعقد ہوئی تھی جس میں نماز جمعہ اور دیگر نمازوں کو ادا کرنے کے سلسلے میں گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر یہ بات طے ہوئی کہ جمعہ کو  بقیہ دنوں کی طرح  ہی  ظہر کی  اذان دی جائے گی  اور حکومتی گائیڈلائن کے تحت   امام، مؤذن اوردو تین افراد مسجد میں ظہر کی نماز پڑھیں گے ۔ اس کے علاوہ حکومت کے اگلے اعلان تک تمام نمازوں میں اتنی ہی تعداد میں نمازی شریک ہونگے ۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹریمولوی عبدالرقیب  ایم جے نے عوام  سے درخواست کی کہ  نماز کو لے کر حکومت کی طرف سے جو گائیڈلائنس جاری کی گئی ہیں اُس پر مکمل طور پر  عمل  کریں۔