لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے متعلق مجلس اصلاح و تنظیم کی ضروری اطلاع: مساجد کے ذمہ داران پہلی فرصت میں کریں یہ کام

02:43PM Wed 8 Jun, 2022

بھٹکل:  8 جون،2022 (پریس ریلیز) ملک میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینے کے تنازعے کے دوران مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے اس کے متعلق بھٹکل کی تمام مساجد کے ذمہ داران  سے  لاؤڈ اسپیکر  استعمال کرنے کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری  کی طرف سے جاری اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ  شہر میں کوئی بھی  کسی بھی ضرورت کے تحت عارضی طور پر یا مستقل طور پر لاؤڈ اسپیکر کا استعمال کرنا چاہیں تو اس کے لیے پولس محکمہ میں درخواست دے کر اجازت ضرور حاصل کریں اور ایسا نہ کرنے پر وہ واس کے لیے جوابدہ ہونگے۔ تنظیم کے اس اخباری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں آبادی کے لحاظ سے مختلف زون میں مقررہ اوقات میں آواز کی جو مقدار متعین کی گئی ہے اس  کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔ چونکہ مساجد کے لیے اسپیکر استعمال کرنے کے لیے پولس محکمہ کی اجازت لازمی قرار دی گئی ہے اس لیے مساجد کے ذمہ داران کی سہولت کے لیے مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے تنظیم دفتر میں مذکورہ فارم پُر کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے لیے مساجد کے صدر و سکریٹری یا کسی اور ذمہ دار کے نام پر درخواست دینی ہے۔ جو بھی درخواست لینے کے لیے آرہے ہیں  ان سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ درخواست گزار کا نام، آدھار کارڈ کی نقل، موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس کے ساتھ ایک پاسپورٹ سائز کی تصویر اپنے ساتھ لے کر آئیں اور اپنے ساتھ مسجد کی مہر (سیل) بھی ضرور لائیں۔ ساتھ ہی دو سال کی مدت کے لیے اس کی فیس 450 روپئے جو محکمہ کو ادا کرنی ہے  وہ بھی لے کر آئیں۔ اس تعلق سے مزید تفصیلات کے لیے مجلس اصلاح و تنظیم کے دفتر سے رجوع کیا جاسکتا ہے ۔