پاکستان سے جنگ کیلئے بھی تیار ہیں

03:31PM Sat 12 Jan, 2013

پاکستان سے جنگ کیلئے بھی تیار ہیں نئی دہلی (خصوصی رپورٹ) ہندوستان کے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو کسی بھی میدان میں مصروف رکھنے کےلئے تیار ہے۔ اب یہ پاکستان کی مرضی پر ہے کہ وہ اس سلسلے میں کرکٹ کا انتخاب کرتا ہے‘ مذاکرات کا یا پھر جنگ کا۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ کی زبان سمجھتا ہے تو ہم اس سے اسی زبان میں بات کرینگے۔ اگر پاکستان مذاکرات کی زبان سمجھتا ہے تو ہم اس سے اسی زبان میں بات کرینگے اگر جنگ کی زبان سمجھتا ہے تو اسی زبان میں بات کرینگے۔ بھارت کے ایک اخبار نے ٹی وی انٹرویو کے حوالے سے بتایا ہے کہ سلمان خورشید نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کا انحصار ممبئی حملوں کے ملزموں کیخلاف ایکشن پر ہے۔ اگر پاکستان نے ان ملزمان کی ریکارڈڈ آواز دینے کی بھارتی درخواست پر عمل نہ کیا تو بات چیت کا عمل آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ اگر دونوں ملکوں کے تعلقات میں پیش رفت ہوتی ہے تو پاکستان کو احتساب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس وقت کے وزیرداخلہ پی چدم برم نے ان افراد کی فہرست دی تھی جن کی آواز کی ریکارڈنگ کی ضرورت تھی مگر انہوں نے یہ فہرست روانہ نہ کی۔