کوسموس کے زیر اہتمام کھیلے گئے ضیا میموریل پرو کبڈی ٹورنامنٹ پر لائن نے جمایا قبضہ: میزبان ٹیم کو ملا دوسرا مقام

04:27PM Sat 6 Feb, 2021

بھٹکل: 6 فروری،2021  (بھٹکلیس نیوز بیورو) کوسموس اسپورٹس سینٹر کے زیر اہتمام بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی کے میدان میں کھیلے گئے تعلقہ لیول پرو کبڈی ٹورنامنٹ کا کل رات 12:00 بجے اختتام ہوا جس کے فائنل مقابلہ میں لائن اور کوسموس کے مابین کانٹے کی ٹکر کے بعد لائن نے ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔ اس موقع پر فائنل سے پہلے بھٹکل کے سینئر کبڈی کھلاڑیوں کا بھی مقابلہ رکھا گیا تھا جس میں ایک جانب عنایت اللہ شابندری تو دوسری جانب نعیم موٹیا جیسے کھلاڑی موجود تھے جنہوں نے شائقین کا دل جیت لیا۔ اختتامی تقریب میں جیتنے والی ٹیم کو 55,555 روپئے مع ٹرافی، دوسرا مقام حاصل کرنے والی ٹیم کوسموس کو 25,555 روپئے مع ٹرافی دیے گئے۔ اس کے علاوہ تیسرا مقام پانے والی ٹیم وائی ایم ایس اور چوتھا مقام پانے والی ٹیم انفا کو بھی نقد انعام کے ساتھ ٹرافی سے نوازا گیا۔ جبکہ بیسٹ ڈسپلین ٹیم کا ایوارڈ بھی وائی ایم ایس اے کو ہی دیا گیا۔ اسی طرح خصوصی انعامات میں سے آل راؤنڈر ایوارڈ لائن ٹیم کے زفاف کو، بیسٹ رائیڈر کا ایوارڈ کوسموس کے ساحل عمری کو، بیسٹ کیچر ایوارڈ لائن ٹیم کے اظہر موٹیا کو اور بیسٹ ایمرجنگ پلیئر کا ایوارڈ سہیل آرمار کو دیا گیا۔ اختتامی تقریب میں کٹے ویرا ٹیم کے کھلاڑی ونود نائک، جناب عتیق الرحمان منیری، جناب ابو فیصل، جناب امتیاز ادیاور، جناب نصیف خلیفہ کی شال پوشی کی گئی۔