رابرٹ واڈرا کے دفتر پہنچی انکم ٹیکس کی ٹیم ، بے نامی املاک کیس میں کررہی ہے پوچھ گچھ
01:18PM Mon 4 Jan, 2021
بے نامی املاک کے معاملہ میں انکم ٹیکس محکمہ کے افسران نے پیر کو کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا کا بیان درج کیا ۔ جانچ سے وابستہ ایک آئی ٹی محکمہ کے ذرائع نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو اس کی جانکاری دی ۔ ذرائع نے بتایا کہ بے نامی املاک کے معاملہ میں بیان درج کرنے کیلئے آئی ٹی ٹیم سکھدیووہار میں واقع رابرٹ واڈرا کے دفتر پہنچی ہے ۔
رابرٹ واڈرا پر لندن کے براینسٹن اسکوائر میں 1.9 ملین پاونڈ کی قیمت کا مکان خریدنے کیلئے منی لانڈرنگ کا الزام ہے ۔ واڈرا فی الحال پیشگی ضمانت پر باہر ہیں ۔ ان کے خلاف آئی ٹی محکمہ کے علاوہ انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ محکمہ بھی منی لانڈرنگ کے تحت جانچ کررہا ہے ۔
اس سے پہلے ای ڈی نے واڈرا پر منی لانڈرنگ کیس کی جانچ میں تعاون نہیں کرنے کا الزام لگایا تھا ۔ حالانکہ واڈرا کے وکیل نے ای ڈی کے دعووں کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایجنسی جب کبھی ان کے موکل کو بلاتی ہے ، وہ اس کے سامنے پیش ہوتے ہیں ۔ انہوں نے جانچ میں پورا تعاون کیا ہے ۔
رابرٹ واڈرا کے وکیل نے یہ بھی کہا تھا کہ ای ڈی نے جو سوالات کئے ، ان کے موکل نے ان کا جواب دیا ۔ ای ڈی کے لگائے گئے الزامات کو قبول نہیں کرنے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ جانچ میں تعاون نہیں کررہے ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ اصل طور پر واڈرا کنبہ کا تعلق پاکستان کے سیالکوٹ سے ہے ۔ تقسیم ہند کے وقت راجویندر واڈرا کے والد یعنی رابرٹ واڈرا کے دادا ہندوستان آکر بس گئے تھے ۔ رابرٹ واڈرا کے پاس ایک بھائی اور ایک بہن تھی ۔ سال 2001 میں ان کی بہن کی کار حادثہ میں موت ہوچکی ہے اور 2003 میں ان کے بھائی نے خودکشی کرلی تھی ۔ 2009 میں ان کے والد کی بھی ہارٹ اٹیک سے موت ہوگئی ۔ اب واڈرا کنبہ میں ان کی ماں ہی ان کے ساتھ ہیں