Opposition parties protest against Amit Shah's comments
02:55PM Wed 18 Dec, 2024

نئی دہلی: آئین پر بحث کے دوران امت شاہ کی جانب سے آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر پر قابل اعتراض تبصرہ کے معاملہ میں حزب اختلاف نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس صدر کھڑگے سمیت اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے اہم لیڈران نے اس معاملہ پر امت شاہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن قائد حزب اخلاف لیڈر راہل گاندھی سمیت اپوزیشن کے اراکین نے امت شاہ کے خلاف ہارلیمنٹ کے احاطہ میں احتجاج بھی کیا۔ اراکین پارلیمنٹ کا الزام ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ نے کل اپنے خطاب میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کی۔
دریں اثنا، کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ امت شاہ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کی ہے۔ ہم ان کے استعفیٰ کی مانگ کرتے ہیں۔ شاہ کو ملک کی عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ کھڑگے نے کہا، ’’جب امت شاہ بابا صاحب کے بارے میں بات کر رہے تھے تو انہوں نے کہا کہ جتنی بار آپ امبیڈکر کا نام لیتے ہو، اتنی بار اگر آپ بھگوان کا نام لیں گے تو 7 بار جنت میں جائیں گے۔ یعنی بابا صاحب کا نام لینا گناہ ہے۔ اس وقت میں نے ہاتھ اٹھایا اور انہیں بولنے سے روکنے کی کوشش کی لیکن مجھے موقع نہیں ملا۔ بابا صاحب امبیڈکر کے بنائے گئے آئین پر بحث چل رہی تھی، اس لیے ہم خاموش رہے۔‘‘
راہل گاندھی نے ایکس پر لکھا، ‘‘منو اسمرتی کو ماننے والوں کو امبیڈکر جی سے تکلیف بے شک ہوگی ہی۔‘‘
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے کہا، ’’امبیڈکر جی نے محروموں اور مظلوموں کو حقوق دینے کا کام کیا ہے۔ امت شاہ ان کی عقیدت پر حملہ نہ کریں۔‘‘
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کے سریش نے کہا، ’’انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی توہین کی ہے اور انہیں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے خلاف اس تبصرے کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گوروگ گگوئی نے کہا، ’’مرکزی وزیر داخلہ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے بارے میں بہت ہی توہین آمیز انداز میں بات کی۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اندر ہی اندر ان کے دل میں ڈاکٹر امبیڈکر کے لیے کوئی عزت نہیں ہے۔‘‘
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مانیکم ٹیگور نے کہا، ’’کل امیت شاہ نے امبیڈکر کے بارے میں اپنی مخالف ذہنیت ظاہر کی۔ ہم ان سے 'امبیڈکر جے‘ کہنے کی کوشش کریں گے کیونکہ وہ امبیڈکر کی وراثت کو یوں ختم نہیں کر سکتے۔ امبیڈکر کی وراثت کا مطلب او بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور دیگر تمام اقلیتی مظلوم کمیونٹیز کے لیے آواز ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ 'منوواد' اور ساورکر کی سوچ بابا صاحب امبیڈکر کے خلاف ہوگی۔ ہم انہیں جیتنے نہیں دیں گے، ہم لڑیں گے اور پارلیمنٹ میں بھی کانگریس کے اراکین کی ملاقات ہے اور اس کے بعد انڈیا بلاک کے رہنما بھی ملیں گے۔ ہم اپنی تشویش ظاہر کریں گے اور ہم امت شاہ سے معافی مانگیں گے۔‘‘
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایکس پر لکھا، ’’دیکھیں کیسے امت شاہ پارلیمنٹ میں بابا صاحب امبیڈکر کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ ان بی جے پی والوں کو اتنا گھمنڈ ہوگیا ہے کہ یہ کسی کو کچھ نہیں سمجھتے۔ ہاں، امت شاہ، بابا صاحب اس ملک کے ہر بچے کے لیے بھگوان سے کم نہیں ہیں۔ مرنے کے بعد جنت کا تو پتہ نہیں لیکن اگر بابا صاحب کا آئین نہ ہوتا تو آپ لوگ دبے، کچلے، غریبوں اور دلتوں کو اس زمین پر جینے نہیں دیتے۔ بابا صاحب کی توہین، ہندوستان برداشت نہیں کرے گا۔ جے بھیم۔‘‘
وہیں، آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے سربراہ اور لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ چندرشیکھر آزاد نے کہا، ’’وزیر داخلہ امت شاہ کا بیان محترم بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے تاریخی تعاون اور سماجی انصاف کے لیے ان کی جدوجہد کی توہین ہے۔ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا نام لینا کوئی 'فیشن' نہیں بلکہ مساوات، آزادی اور سماجی تبدیلی کی اس تحریک کا نشان ہے، جس نے کروڑوں دبے کچلے لوگوں کو انصاف اور حقوق دیے۔‘‘