نیو شمس اسکول میں سالانہ کھیل مقابلوں کا انعقاد: کراٹے سمیت دیگر مقابلوں میں طلبہ کی شاندار کارکردگی

04:28PM Sun 13 Feb, 2022

بھٹکل: 13 فروری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ادارہ تربیت اخوان کے تحت چلنے والے نیو شمس اسکول میں سنیچر کے روز چوتھی جماعت سے دسویں جماعت تک کے طلبہ کے مابین مختلف قسم کے کھیل مقابلوں کا انعقاد ہوا جس میں کراٹے، کبڈی، بیڈ منٹن وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر منعقد افتتاحی تقریب میں اتر کینرا فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر معاویہ محتشم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کھیلنے کے فائدے بتاتے ہوئے اس سے پڑھائی میں بھی قوت حاصل کرنے کی بات کہی۔ وہیں اس موقع پر اسکول پرنسپال جناب لیاقت علی نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے طلبہ کو آپسی محبت اور دوستی بنائے رکھنے کی بات کہی اور تمام طلبہ کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔ ڈائس پر پی آر او جناب مولانا عزیز الرحمٰن رکن الدین ندوی، ناظم ادارہ جناب اسماعیل محتشم، اسکول سکریٹری جناب انعم اعلیٰ ایم ٹی اور دیگر حضرات موجود رہے۔ افتتاحی تقریب کے بعد طلبہ کے مابین ایک سو اور دو سو میٹر دوڑ مقابلہ، سلو سائیکل، شطرنج، بیڈ منٹن، کبڈی، والی بال، فٹ بال، شاٹ پٹ وغیرہ کے مقابلے منعقد کیے گئے اور ممتاز طلبہ کو میڈل اور سرٹی فیکیٹ سے نوازا گیا۔ مانا جارہا ہے کہ بھٹکل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلم انتظامیہ کے تحت چلنے والے اسکولوں میں اس بار نیو شمس اسکول میں طلبہ کے مابین کراٹے کے مقابلے کرائے گئے تھے جس کے لیے خصوصی میٹ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز سید عبداللہ ایس کے کی تلاوت اور حسن سدی باپا کے ترجمہ کے ساتھ ہوا جس کے بعد فرقان اور ان کے ساتھیوں نے اسکول ترانہ پڑھا جبکہ جناب محمد رضا مانوی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور جناب ثقلین ایس ایم کے شکریہ کلمات پر یہ تقریب اختتام کو پہنچی۔