آلٹ نیوز کے شریک بانی اور فیکٹ چیکر محمد زبیر ہوئے تہاڑ جیل سے رِہا

03:34PM Wed 20 Jul, 2022

آج صبح سپریم کورٹ نے آلٹ نیوز کے شریک بانی اور فیکٹ چیکر محمد زبیر کو سبھی 6 معاملوں میں عبوری ضمانت پر رِہا کرنے کا فیصلہ سنایا تھا، اور اب تہاڑ جیل سے محمد زبیر کی رہائی عمل میں آ گئی ہے۔ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان محمد زبیر کو جیل سے رِِہا کیا گیا۔ اس سے قبل آج سپریم کورٹ نے آلٹ نیوز کے کو فاونڈر اور فیکٹ چیکر محمد زبیر کی عرضی پر سماعت کی تھی اور جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی صدارت والی بینچ نے صحافی محمد زبیر کو بڑی راحت دی تھی۔ سپریم کورٹ نے یوپی میں درج ان کے خلاف سبھی معاملوں میں عبوری ضمانت دے دی تھی۔ اس دوران سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ جب دہلی پولیس نے پوچھ گچھ اور جانچ کرلی ہے تو مسلسل حراست میں رکھنے کا جواز نہیں ہوتا۔ فیصلہ سناتے وقت سپریم کورٹ نے کہا آج کہا تھا کہ گرفتاری کی طاقت کا استعمال احتیاط سے کیا جانا چاہئے۔ اب محمد زبیر کو حراست میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے فی الحال مقدمہ منسوخ کرنے سے انکار کیا ہے۔