نوئیڈا صفائی ملازموں نے دی دھمکی، مطالبات نہیں مانے گئے تو اسلام قبول کریں گے
06:35AM Thu 17 Sep, 2020
نوئیڈا: 16 ستمبر،20 (ایجنسی) نوائیڈا میں پچھلے کئی دنوں سے ہڑتال پر بیٹھے سیکڑوں صفائی ملازموں نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گذشتہ کئی روز سے مختلف مطالبات کے لیے ہڑتال پر بیٹھے نوئیڈا اتھارٹٰی میں کام کرنے والے صفائی ملازمین نے سیکٹر6 میں واقع نوئیڈا اتھارٹی کے دفتر کا محاصرہ کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔
اس دوران معاہدے پر کام کرنے والے تمام کنٹریکٹ ورکرز نے اگلے یکم اکتوبر کو اسلام قبول کر لینے کا اعلان کیا ہے اور مطالبے کی تکمیل کا سخت مطالبہ کیا ہے۔
ملازموں کا کہنا ہے کہ اگر ان کا استحصال بند نہ کیا گیا اور ان کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو وہ یکم اکتوبر کو سب مل کر اسلام قبول کر لیں گے۔
آل انڈیا لیبر فیڈریشن کے ضلعی جنرل سکریٹری وزیر ستویر مککوانا نے بتایا ہے کہ نوئیڈا اتھارٹی میں لگ بھگ 5000 صفائی ملازم گذشتہ 30 سالوں سے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔
ایک طرف ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی والمیکی معاشرے کا احترام کرتے ہیں تو دوسری طرف نوئیڈا میں والمیکی معاشرے کے لوگوں کا پورا استحصال کیا جارہا ہے۔ ستویر نے الزام لگایا ہے کہ نوئیڈا اتھارٹی میں کام کرنے والے ملازموں کے مطالبات پورے نہیں کیے جارہے ہیں اور اتھارٹی کے حکام ان کا مختلف طریقوں سے استحصال کر رہے ہیں۔ جھاڑو دینے والے ایک عرصے سے نوئیڈا اتھارٹی سے اجرت میں اضافے، پی ایف جیسی بنیادی سہولیات اور مستقل معاہدہ کی تعیناتی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔