شمس الدین سرکل پر سڑک پار کر رہی طالبہ کو دی کار نے ٹکر: طالبہ کی ہوئی موت۔ ساتھ والی خاتون شدید زخمی
03:05PM Mon 14 Nov, 2022
بھٹکل: 14 نومبر، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل شمس الدین سرکل پر اتوار کی رات قریب 09:30 بجے سڑک پار کرکے ساگر روڈ جانے کی کوشش کر رہی اسکولی طالبہ اور اس کے ساتھ جارہی خاتون کو تیز رفتار کار نے ٹکر مار دی جس کے بعد قریب سے گزر رہی لاری کی زد میں آنے کی وجہ سے طالبہ کے سر میں چوٹ آگئی جسے فوری طور پر مینگلورو لے جایا گیا لیکن اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی لڑکی نے دم توڑ دیا جبکہ اس کے ساتھ جارہی خاتون بھی زخمی ہوگئی ہے ۔
لڑکی کی شناخت عائشہ نِزاع بنت الیاس کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔اطلاع کے مطابق لڑکی اپنی ماں اور دیگر لوگوں کے ساتھ شمس الدین سرکل سے اپنے گھر ساگر روڈ جانے کے لئے روڈ پار کر رہی تھی کہ کار کی ٹکر سے یہ حادثہ پیش آیا ۔ ذرائع کے مطابق حادثہ کے بعد کار اور لاری دونوں موقع سے فرار ہوگئے تھے لیکن مقامی لوگوں کے تعاون سے ان دونوں کو شرالی کے قریب دھر لیا گیا ۔
عائشہ کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ وہ انجمن گرلز کالج کی دسویں کی طالبہ تھی اور پڑھائی کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں میں بھی دلچسپی لیتی تھی ۔ ان کے انتقال پر انجمن کالج نے غم کا اظہار کرتے ہوئے اپنی گولڈن جوبلی تقریبات کو آج آدھے دن کے لیے ملتوی کردیا تھا ۔
آج صبح میت کو مینگلور وسے سیدھے بھٹکل سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں لایا گیا تھا جس کے بعد میت کوصبح قریب گیارہ بجے گھر والوں کے حوالے کیا گیا۔ بعد نماز ظہر نوائط کالونی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔