مجلس اصلاح و تنظیم کی طرف سے دستور ی حقوق اور فرائض کے موضوع پر اہم اجلاس ۔ پینل ڈسکشن اور کوئز کا بھی ہوا انعقاد

12:38PM Sat 28 Jan, 2023

بھٹکل: 28 جنوری، 2023  (بھٹکلیس نیوز بیورو)  مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی طرف سے 26 جنوری یوم جمہوریہ کے موقع پر  دستوری حقوق اور فرائض کے موضوع پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی   جناب اکبر علی کے خطاب کے علاوہ پینل ڈسکشن  اور  آن لائن کوئز مقابلہ بھی منعقد ہوا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جماعت اسلامی ہند کرناٹکا کے سکریٹریجناب اکبر علی نے دستور ہند کے متعلق تفصیلی گفتگو کی اور کہا  کہ اس ملک کے دستور کو بنانے کے لئے جو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس میں 296اراکین تھے تو ان میں  سےکئی مسلمان بھی تھے،  انہوں نے یہ بھی کہا کہ دستور کے مطالعے سے یہ بات سمجھ آتی ہے کہ اس دستور کو بنانے کے لیے ڈاکٹر امبیڈکر نے ضرور قرآن و حدیث  کی تعلیمات سے استفادہ کیاہوگا۔  انہوں نے قرآن و حدیث کو ایک مکمل ضابطہ حیات قرار دیتے ہوئے مسلمانوں کو اسے مضبوطی سے تھامنے اور اس کی دعوت اپنوں اور غیروں میں بھی پہنچانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے دستور ہند کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ دستور  چاہے کتنا بھی اچھا ہو لیکن اس کو چلانے والے اچھے نہیں ہیں تو پھر نظام حکومت اچھے سے نہیں چل سکتا ۔ انہوں نے اس موقع پر آخر میں مرحوم مسلم صاحب کی  قرآن پر بہترین نظم بھی پیش کی اور اس میں موجود پیغام کو حاضرین تک پہنچانے کی کوشش  کی۔ صدارتی خطاب پیش کرتے ہوئے صدر تنظیم  عنایت اللہ شابندری نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا  اور   موجودہ دور میں دستور کے ساتھ ہورہے کھلواڑ پر تشویش ظاہر کی۔ اس موقع پر  دوسری نشست میں دستور ہند میں دیے گئے حقوق اور فرائض پر  ڈاکٹر حنیف شباب صاحب کی نگرانی میں ایک پینل ڈسکشن ہوا جس میں جناب یاسین محتشم، جناب عمران لنکا، جناب ساحل   مجاوراور مولوی سید سالک برماور ندوی نے شرکت کی ۔ آخر میں یوم جمہوریہ پر ایک آن لائن  کوئز مقابلہ رکھا گیا جس میں کل سترہ سوالات پوچھے گئے۔ اس میں اول انعام محمد سہیم ، دوسرا انعام صہیب  اور تیسرا انعام اسماعیل رکن الدین کو ملا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت  کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت پیش کی گئی۔ مولوی عبدالرحمن سیاف ندوی نے استقبال کیا جبکہ تنظیم کےجنرل سکریٹری  جناب  عبدالرقیب  ایم نے افتتاحی کلمات پیش کئے  اور اجلاس کی نظامت  کے فرائض جناب عتیق الرحمٰن شابندری نے انجام دیے۔ڈائس پر  چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، جناب عنایت اللہ شابندری، جناب عبدالرقیب ایم جے، جناب محی الدین چیڈو باپا اور دیگر حضرات موجود تھے۔