صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے آخری خطاب کا آغاز، کہا-ایک متحرک جمہوری نظام کی طاقت کو سینکڑوں سلام

02:30PM Sun 24 Jul, 2022

نئی دہلی: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند آج صدر کے طور پر ملک کے نام اپنا آخری خطاب پیش کر رہے ہیں۔ آج ان کی مدت کار کا آخری دن ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج میری مدت کار کا آخری دن ہے۔ اپنی مدت کے دوران مجھے معاشرے کے سبھی طبقات سے حمایت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت کی طاقت ہے کہ اس میں ہرشہری اپنی وفاداری کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، میں ایک متحرک جمہوری نظام کی طاقت کو سلام کرتا ہوں۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا، اپنی جڑوں سے جڑے رہنا ہندوستانی تہذیب کی خصوصیت ہے۔ میں نوجوان نسل سے یہ گزارش کروں گا کہ اپنے گاوں یا شہر اور اپنے اسکولوں اور اساتذہ سے جڑے رہنے کی اس روایت کو آگے بڑھاتے رہیں۔ انیسویں صدی کے دوران پورے ملک میں غلامی کے خلاف کئی بغاوتیں ہوئیں۔ ملک کے باشندوں میں نئی امید پیدا کرنے والے ایسے باغیوں کے بیشتر ہیروز کے نام بھلا دیئے گئے تھے۔ اب ان کی بہادری کی داستانیں احترام کے ساتھ یاد کی جا رہی ہیں۔ صدر جمہوریہ نے مجاہدین آزادی کو یاد کیا صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ تلک اور گوکھلے سے لے کر بھگت سنگھ اور نیتاجی سبھاش چندر بوس تک، جواہر لال نہرو، سردار پٹیل اور شیاما پرساد مکھرجی سے لے کر سروجنی نائیڈو اور کملا دیوی چٹو پادھیائے تک۔ ایسے بیشتر مجاہدین کا صرف ایک ہی ہدف کے لئے پابند عہد ہونا، انسانیت کی تاریخ میں کہیں اور نہیں دیکھا گیا ہے۔