جے ای ای-نیٹ: راہل-پرینکا کا مرکز پر حملہ، ادھیر کا بھی امتحان ملتوی کرنے کا مطالبہ
02:34PM Sun 23 Aug, 2020
نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ اعداد و شمار خوفناک جہاں خوفناک صورتحال اختیار کر رہے ہیں وہیں دوسری طرف مرکز میں بیٹھی مودی حکومت طلباء کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے پر آمادہ ہے اور جے ای ای (مینز) 2020 اور نیٹ (این ای ای ٹی) کے امتحانات کرانے جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ان امتحانات کو ملتوی کرانے کے مطالبہ کی عرضی سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی، لیکن عدالت نے اس اپیل کو مسترد کر دیا۔
اس کے بعد قومی جانچ ایجنسی این ٹی اے نے مختلف امتحانات کی تاریخیں جاری کر دی۔ حزب اختلاف نے حوالہ سے حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور طلبہ کے حق میں امتحان ملتوی کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے حکومت سے طلباء کے دل کی بات سننے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ آج ہمارے لاکھوں طلباء حکومت سے کچھ کہہ رہے ہیں۔ جے ای ای، نیٹ امتحان کے بارے میں ان کی بات کو سنا جانا چاہیے اور حکومت کو اس معاملہ میں بامقصد حل تلاش کرنا چاہیے۔
راہل گاندھی کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی حکومت اور جانچ ایجنسی سے اس فیصلے پر از سر نو غور کرنے کو کہا۔ پرینکا گاندھی نے ٹویٹ میں لکھا، کورونا کے حوالے سے ملک میں حالات ابھی معمول پر نہیں ہیں۔ ایسی صورتحال میں اگر این ای ای ٹی اور جے ای ای کا امتحانات دینے والے طلباء اور ان کے والدین نے کچھ تشویش کا اظہار کیا ہے، تو حکومت ہند اور امتحان کرانے والے اداروں کو اس پر مثبت نظریہ کے ساتھ غور کرنا چاہیے۔