نئے مالی سال کے پہلے دن کمرشیل ایل پی جی سلنڈر سستا، گھریلو گیس کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں

11:48AM Sat 1 Apr, 2023

نئی دہلی: آج یکم اپریل 2023 سے نئے مالی سال کے آغاز پر ایل پی جی کے کمرشل سلنڈر کے داموں میں کمی کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ پٹرولیم کمپنیاں ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو ایل پی جی، اے ٹی ایف، کیروسین وغیرہ کے داموں کا جائزہ لیتی ہیں اور ان میں تبدیلی کی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 19 کلو والے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں 91.5 روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔ قیمت میں کمی کے بعد ایل پی جی کا کمرشل گیس سلنڈر دہلی میں 2028.00 روپے (91.50 روپے کی کمی) میں دستیاب ہوگا۔ اس کے علاوہ کولکاتا میں اس کی قیمت 2132.00 روپے (89.50 روپے کی کمی)، ممبئی میں 1980.00 روپے (91.50 روپے کی کمی) اور چنئی میں 2192.50 (75.50 روپے کی کمی) ہوگی۔ اس سے قبل دہلی، کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں ایل پی جی کمرشل سلنڈر کی قیمت بالترتیب 2119.50 روپے، 2221.50 روپے، 2071.50 روپے اور 2268.00 روپے تھی۔
تاہم گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1103 روپے فی سلنڈر ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 14.2 کلو کا گھریلو کھانا پکانے والا گیس سلنڈر 50 روپے اور 19 کلو کا کمرشل گیس سلنڈر 350 روپے مہنگا ہوا تھا۔