گوگل پلے اسٹور پر واپس لوٹا 'پے ٹی ایم'، ٹوئٹ کر کے دی جانکاری
03:51PM Fri 18 Sep, 2020
پے ٹی ایم جب گوگل پلے اسٹور سے غائب ہوا تو ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا اور پے ٹی ایم استعمال کرنے والے لوگ بھی خوفزدہ ہوئے کہ کہیں ان کے پیسے نہ چلے جائیں۔ پے ٹی ایم نے اس درمیان بیان بھی دیا کہ کسی کا پیسہ ڈوبنے والا نہیں، اور تازہ خبر یہ ہے کہ ایک بار پھر پے ٹی ایم گوگل پلے اسٹور پر واپس آ گیا ہے۔ اس کی جانکاری خود پے ٹی ایم نے ٹوئٹ کر کے دی ہے۔
پے ٹی ایم نے اپنے بہت مختصر سے ٹوئٹ میں لکھا ہے "اینڈ وی آر بیک!" یعنی "اور ہم واپس آ گئے!" اچانک پے ٹی ایم کے گوگل پلے اسٹور سے غائب ہونے اور پھر کچھ ہی دیر بعد واپس آ جانے سے لوگ حیران ہیں۔ گوگل نے پہلے تو یہ بتایا تھا کہ اس نے پے ٹی ایم ایپ کو کھیلوں میں سٹہ بازی سے متعلق سرگرمیوں پر اپنی پالیسی کی خلاف ورزی کے سبب پلے اسٹور سے ہٹایا ہے۔ لیکن پھر اچانک اس کی واپسی کے تعلق سے گوگل کا کوئی بیان فی الحال سامنے نہیں آیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گوگل اپنے ایک ای میل جواب میں کہا تھا کہ "ایپ کو 'پلے' پالیسیوں کی خلاف ورزی کے سبب بلاک کیا گیا ہے۔ ہماری پالیسی کے معاملے میں آئی پی ایل ٹورنامنٹ سے پہلے آج ایک وضاحت جاری کیا گیا ہے۔" گوگل نے یہ بھی کہا تھا کہ اس قدم سے صرف پلے اسٹور پر ایپ کی دستیابی متاثر ہوگی اور اس کے استعمال کنندگان پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔Update: And we're back! 🥳
— Paytm (@Paytm) September 18, 2020
بعد ازاں پے ٹی ایم نے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ نئے ڈاؤن لوڈ یا اَپ ڈیٹ کے لیے پے ٹی ایم اینڈرائیڈ ایپ گوگل پلے اسٹور پر عارضی طور سے دستیاب نہیں ہے۔ کمپنی نے یہ بھی وضاحت کی تھی کہ "یہ (ایپ) بہت جلد (پلے اسٹور پر) واپس آ جائے گا۔ آپ کا پورا پیسہ پوری طرح محفوظ ہے، اور آپ اپنے پے ٹی ایم ایپ کا معمول کے مطابق استعمال کر سکتے ہیں۔"