چلی: جیل میں آتشزدگی، تیراسی ہلاک
03:04PM Sun 27 Jan, 2013
چلی: جیل میں آتشزدگی، تیراسی ہلاک
چلی میں حکام نے بتایا ہے کہ دارالحکومت سینٹیاگو کی ایک جیل میں آتشزدگی سے کم از کم تیراسی افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
آتشزدگی کا واقعہ سان میگول کی جیل میں مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے پیش آیا۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ہلاک شدگان تمام کے تمام قیدی تھے یا ان میں جیل اہلکار بھی شامل تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق لگ بھگ دو سو کے قریب قیدیوں کو جیل سے باہر نکالا گیا جبکہ انیس قیدی آگ سے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ایک اخبار کے مطابق بعض خبروں کے مطابق جیل کے محافظوں نے آگ پر قابو پانے والے عملے کو جیل کے اندر آنے سے منع کر دیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق آگ مخالف گروپوں کے درمیان لڑائی کے بعد بھڑکی جنھوں نے ایک گدے کو آگ لگا دی تھی۔
سینٹیاگو میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ اب آگ پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن قیدیوں کے اقرباء جیل میں پہنچے ہیں اور وہاں افراتفری کے مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق جیل میں سات سو قیدیوں کی گنجائش تھی لیکن وہاں پر انیس سو قیدی رکھے گئے تھے۔
چلی کے صدر سیبیسٹئین پینارہ نے اس واقعے کو انتہائی تکلیف دہ سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چلی میں اس طرح کا غیر انسانی جیل سسٹم مذید جاری نہیں رکھا جا سکتا۔
BBC
