بھٹکل وینکٹاپور ندی کے قریب مگر مچھ نظر آنے سے علاقےکے  لوگوں میں پھیلا خوف و ہراس

03:34PM Sun 3 Oct, 2021

بھٹکل: 3 اکتوبر،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں تیراکی کے لیے مشہور مقام  وینکٹاپور ندی جسے یہاں ہیگل کے نام سے جانا جاتا ہے وہاں کل ندی کے قریب ہی تقریباً چھ فٹ لمبا مگرمچھ  نظر آنے پر علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ علاقے کے عوام نے اس تعلق سے فوری طور پر فوریسٹ محکمہ کو اطلاع دیتے ہوئے اس مگرمچھ کو یہاں سے غیر آباد علاقے کی ندی میں منتقل کرنے کی مانگ کی ہے۔ عوام  کا ماننا ہے کہ برساتی دن ہونے کی وجہ سے یہ مگر مچھ ڈیم سے ہوتے ہوئے یہاں آیا ہوگا یا پھر اسی ندی میں اس کا بسیرا بھی ہوسکتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس کو کسی بھی صورت میں منتقل کیا جانا چاہئے اس لیے کہ یہاں کپڑا دھونے، نہانے اور تیراکی  کے لیے لوگ آتے رہتے ہیں ۔ بہر حال محکمہ جنگلات کے افسران نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے جلد اس تعلق سے کارروائی کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔