نہ سدا رمیا، نہ شیوکمار پر مہر، کانگریس ممبران اسمبلی نے ملکاارجن کھڑگے کو دیا وزیراعلی کا انتخاب کرنے کا اختیار
04:54PM Sun 14 May, 2023

نئی دہلی : کانگریس لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں ایک سطری قرارداد پاس کرتے ہوئے پارٹی کے قومی صدر ملکاارجن کھرگے کو لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر یعنی وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا حق دیدیا گیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار اور وزیر اعلیٰ عہدہ کے سب سے مضبوط امیدوار سدارامیا نے بنگلورو کے شانگری لا ہوٹل میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں شرکت کی۔ اس دوران ہوٹل کے باہر موجود سدارامیا اور ڈی کے شیوکمار کے حامی اپنے اپنے لیڈروں کی حمایت میں نعرے لگاتے نظر آئے۔ اس سے پہلے کانگریس صدر ملکاارجن کھڑگے نے کرناٹک میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کے لیڈر کو منتخب کرنے کے لئے سینئر لیڈر سشیل کمار شندے، جتیندر سنگھ اور دیپک بابریہ کو بطور مشاہد مقرر کیا تھا۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں ان تینوں نے نئے لیڈر کے انتخاب کے سلسلے میں قانون سازوں کی رائے معلوم کی۔ بتا دیں کہ کرناٹک میں انتخابی جیت کے بعد سدارمیا وزیر اعلیٰ کے عہدے کی ریس میں سب سے آگے ہیں۔ کانگریس قیادت انہیں وزیراعلیٰ بنانے کے حق میں ہے۔ صدر کے طور پر ڈی کے شیوکمار کی محنت اور ان کی انتظامی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں نائب وزیر اعلیٰ اور کئی اہم وزارتوں کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔