بھٹکل میں ویلفئیر پارٹی کے نئے دفتر کا ریاستی صدر کے ہاتھوں افتتاح۔ پارٹیوں کے لیبر بننے کے بجائے اقتدار میں حصہ دار بننے کا مشورہ

01:58PM Sat 16 Oct, 2021

بھٹکل: 16 اکتوبر (بھٹکلیس نیوز بیورو) ویلفئیر پارٹی آف انڈیا کی بھٹکل شاخ کے نئے دفتر کا افتتاح آج صبح امین الدین روڈ نوائط کالونی پر واقع اسکوائر بلڈنگ میں عمل میں آیا جس میں پارٹی کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ طاہر حسین صاحب نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں ایڈوکیٹ طاہر حسین نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دفتر صرف پارٹی دفتر کی حیثیت سے کام نہیں کرے گا بلکہ یہاں سے عوام کی فلاح وبہبود کے کام بھی کیے جائیں گے۔ پچھلے گیارہ سالوں سے کام کر رہی اس پارٹی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کے کام کرنے  کاانداز دوسری پارٹیوں کے مقابلے میں بالکل مختلف ہے اس لیے کہ اس  پارٹی کے اراکین شوقیہ سیاست میں آنے کے بجائے عوامی خدمت کے لیے  میدان میں اتر تے ہیں اور وہی کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو پارٹیوں کا لیبر بننے کے بجائے لیڈر بننے کا مشورہ دیا اور اقتدار کا حصہ بننے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہاکہ اگر اس ملک میں عزت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو سیاست میں حصہ لے کر اقتدار کا حصہ بننا پڑے گا۔ موصوف ایڈوکیٹ نے اس موقع پر حکمراں پارٹی پر بھی نشانہ سادھا اور ان پر عوامی مسائل سے چشم پوشی کا الزام لگایا اور کہا کہ ملک میں کئی مہینوں سے کسان احتجاج پر ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے ہندوستانی حکومت کو کارپوریٹوں کے ہاتھ میں کٹھ پتلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو ذات پات اور مذہب کے نام پر لڑا کر اپنا الو سیدھا کر رہے ہیں اور عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ انہوں نے حکمراں پارٹی کی کئی ناکامیوں کو گناتے ہوئے عوام سے اچھی پارٹیوں کو اقتدار میں لانے کی گذارش کی۔ اس موقع پر نئے ممبران کو پارٹی سے جوڑنےکی مہم کا بھی آغاز کیا گیا۔ ڈائس پر  بھٹکل  ویلفئیر پارٹی کے صدر ڈاکٹر نسیم خان، جنرل سکریٹری آصف شیخ، میڈیا سکریٹری عزیز جاگیردار، جوائنٹ سکریٹری اسلم ولکی وغیرہ موجود تھے۔