New Shams School Annual Gathering: Muhammed Zayyan Bangali Awarded 'Najm-e-Ikwan' Gold Medal

08:42PM Sun 31 Dec, 2023

بھٹکل: 31 دسمبر، 2023   (بھٹکلیس نیوز بیورو) ادارہ تربیت اخوان کے تحت چلنے والے نیو شمس اسکول بھٹکل میں بدھ کے روز سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سال کے بہترین طالب علم کو دیا جانے والا  نجم اخوان ایوارڈ دسویں جماعت کے طالب علم محمد زیان ابن زکریا بنگالی  کو دیا گیا ۔

اس اجلاس میں شہر کی معروف شخصیتیں اسٹیج کی زینت بنی ہوئی تھیں۔ اس میں مہمان خصوصی کے طور پر جناب فیاض کولا صاحب (چارٹر اکاؤنٹنٹ) ، بھٹکل مسلم جماعت ریاض کے صدر جناب عمار قاضیا صاحب ، بھٹکل مسلم جماعت ریاض کے سابق صدر جناب عبدالعلیم قاضیا صاحب، معروف تاجر جناب یونس قاضیا صاحب  اور دیگر حضرات نے شرکت کرتے ہوئے طلبہ کو مفید مشوروں سے نواز ا اور  انہیں وقت کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی کورسس میں داخلہ لینے پر زور دیا۔ صدر اجلاس جناب محتشم اسماعیل صاحب نے بھی صدارتی خطاب کرتے ہوئے تعلیمی زندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔

ڈائس پر ادارے کے سابق چیرمین جناب قادر میراں پٹیل صاحب، جناب سید حسن برماور صاحب ، حافظ عبدالغنی صاحب، جناب صلاح الدین ایس کے ، مولانا سید زبیر صاحب،مولانا  عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، جناب سید علی، مولوی  ضیاء الرحمن رکن الدین ندوی،مولوی سید قطب برماور ندوی وغیرہ موجود تھے۔ ڈائس پروگرام کے بعد طلبا کی جانب سے دلچسپ ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے اور مختلف مقابلہ جات میں حصہ لینے والے طلبا کے درمیان  اول، دوم اور سوم انعامات کی تقسیم عمل میں آئی ۔

 اجلاس کا آغاز سید حیان ایس ایم کی تلاوت سے ہوا، جعفرامان ایس ایم اور ساتھیوں نے شمس کا ترانہ پیش کیا جس کے بعداستقبالیہ کلمات پیش کیے گئے۔ اسکول کےپرنسپل لیاقت علی نے  مختصر طور پر اسکول رپورٹ پڑھی جس کے بعد اسکرین پر ویڈیو کے ذریعے سال بھر کی سرگرمیوں کو دکھایا گیا ۔ اسکول کے استاد محمد رضامانوی نے شکریہ اداکیا۔