اڈانی میڈیا کی کمپنی بالواسطہ طریقہ سے NDTV میں 29.18 فیصد اسٹیک لے گی

04:08PM Tue 23 Aug, 2022

نئی دہلی : اڈانی گروپ کی میڈیا کمپنی اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ بالواسطہ طریقہ سے این ڈی ٹی وی میں 29.18 فیصد حصہ داری لے گی ۔ 23 اگست کو آئی میڈیا رپورٹس میں اس کی جانکاری دی گئی ہے ۔ اڈانی گروپ نے این ڈی ٹی وی میں حصہ داری لینے کیلئے اوپن آفر پیش کیا ہے ۔ یہ تحویل اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ کی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی وشوپردھان کمرشیل پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعہ کی جائے گی ۔ اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ پر اڈانی انٹرپرائزیز کا مالکانہ حق ہے ۔ اس سلسلہ میں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق وی سی پی ایل کے پاس آر آر پی آر ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ کی 99.5 حصہ داری خریدنے کا رائٹ تھا ۔ وی سی پی ایل نے اسی رائٹ کے ذریعہ اسٹیک لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آر آر پی آر ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹیڈ کی پروموٹر گروپ کمپنی ہے ۔ میڈیا کمپنی این ڈی ٹی وی میں اس کی 29.18 فیصد حصہ داری ہے، جس کو اڈانی گروپ خریدنے والا ہے ۔ کمپنی نے بتایا کہ وی سی پی ایل 26 فیصد سے زیادہ حصہ داری لے رہی ہے، اس لئے سیبی کے ٹیک اوور قوانین کے مطابق اوپن آفر لائی ہے ۔ اس ریلیز کے مطابق اے ایم این ایل اور اڈانی انٹرپرائز کے ساتھ مل کر وی سی پی ایل اب این ڈی ٹی وی میں 26 فیصد حصہ داری کیلئے اوپن آفر لانچ کرے گی ۔ اے ایم این ایل کے سی ای او سنجے پگلیا نے کہا کہ نیو ایج میڈیا پلیٹ فارم کی راہ میں یہ تحویل میل کا پتھر ثابت ہوگی ۔ اڈانی گروپ 493 کروڑ روپے کا اوپن آفر لے کر آیا ہے ۔ اڈانی کی میڈیا کمپنی 26 فیصد حصہ داری کے لئے 294 روپے فی شیئر کے حساب سے شیئر خریدے گی ۔ آج این ڈی ٹی وی کے شیئر 4.99 فیصد کی تیزی کے ساتھ 376.55 روپے پر بند ہوئے تھے جبکہ اڈانی گروپ اس بند بھاو سے نیچے 294 روپے فی شیئر کے حساب سے اوپن آفر لایا ہے ۔