ایودھیا: مسجد تعمیر کے لیے تشکیل ٹرسٹ 'انڈو-اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن' نے جاری کیا لوگو
12:21PM Mon 24 Aug, 2020
ایودھیا میں منہدم بابری مسجد کے بدلے ایودھیا سے باہر دھنّی پور میں نئی مسجد تعمیر کے لیے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ مسجد تعمیر کے لیے اتر پردیش سنٹرل سنی وقف بورڈ کے ذریعہ 'انڈو-اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن' ٹرسٹ کی تشکیل بہت پہلے ہی عمل میں آ چکی ہے، اور اب اس ٹرسٹ نے اپنا 'لوگو' جاری کر دیا ہے۔ یہ لوگو گزشتہ ہفتہ کے روز جاری کیا گیا جس میں اسلامی تہذیب کا عکس نمایاں نظر آ رہا ہے۔
انڈو-اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن (آئی آئی سی ایف) کے سکریٹری اطہر حسین نے اس 'لوگو' کے تعلق سے بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں اسلامی عکس موجود ہے جسے ربع الحزب کہا جاتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عربی میں 'ربع' کا مطلب ایک چوتھائی ہوتا ہے اور 'حزب' کا مطلب گروپ یا پارٹی۔ اس علامت کا استعمال عربی کیلیگرافی میں باب کو نشان زد کرنے کے لیے مارکر کے طور پر کیا جاتا ہے۔ اطہر حسین نے مزید بتایا کہ ٹرسٹ اب اس لوگوں کا استعمال اپنی ہر کاغذی کارروائی اور دستاویزات میں کرے گا۔
بہر حال، انڈو-اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن (آئی آئی سی ایف) ٹرسٹ کے سکریٹری اور دیگر اراکین نے ہفتہ کے روز دھنّی پور میں ملی 5 ایکڑ زمین کا جائزہ لیا تھا اور اس کے بعد لوگوں کا اجراء عمل میں آیا۔ ٹرسٹ کے سکریٹری اطہر حسین اور ٹرسٹی عمران احمد شبلی سمیت ٹرسٹ کے دیگر اراکین نے دھنّی پور اور آس پاس کے گاؤں کے مولویوں و مسلم طبقہ کے لوگوں سے ملاقات بھی کی تھی۔ اس دوران دیہی لوگوں نے مسجد اور دیگر تعمیرات میں مکمل تعاون دینے کی بات کہی۔
قابل ذکر ہے کہ ٹرسٹ اس زمین پر مسجد کے علاوہ ایک ملٹی اسپیشلٹی ہاسپیٹل، ایک کمیونٹی کچن اور لائبریری کی تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ان کا استعمال سبھی طبقہ کے لوگ کر سکیں گے۔ علاوہ ازیں مسجد کے نام کو لے کر ٹرسٹ پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ اسے بابر کا نام نہیں دیا جائے گا۔