کرناٹک حجاب تنازعہ پر سپریم کورٹ کا تبصرہ: آپ اس کو غیرمنطقی انجام تک نہیں لے جاسکتے

02:04PM Wed 7 Sep, 2022

نئی دہلی : 7  ستمبر، 2022 (ایجنسی) سپریم کورٹ میں دو ججوں کی بینچ حجاب پر پابندی سے وابستہ معاملہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کے ایک فیصلہ کے خلاف داخل کی گئی الگ الگ عرضیوں کی سماعت کررہی ہے ۔ یہ کیس کرناٹک میں اسکولی یونیفارم کے ساتھ سر پر پہنے جانے والے حجاب ( اسکارف) پر پابندی سے وابستہ ہے ۔ اس میں وکیل نے دلیل پیش کرتے ہوئے اس کو اظہار رائے کی آزادی کا حصہ بتایا تو جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس سودھانشو دھولیا کی بینچ نے بھی سوالات پوچھے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ اس کو غیر منطقی انجام تک نہیں لے جاسکتے ۔ ڈریس کے حقوق میں کپڑے پہننے کا حق بھی شامل ہوگا؟ جسٹس گپتا نے پوچھا کہ اگر کوئی شلوار قمیض پہننا چاہتا ہے یا لڑکے دھوتی پہننا چاہتے ہیں تو کیا اس کی بھی اجازت دیدی جائے ؟ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی آپ رائٹ ٹو ڈریس کی بات کررہے ہیں تو بعد میں آپ رائٹ ٹو ان ڈریس کی بات بھی کریں گے ، یہ پیچیدہ سوال ہے ۔ اس معاملہ میں کل 24 عرضیوں پر سماعت ہورہی ہے ۔ کرناٹک ہائی کورٹ میں حجاب پر پابندی کو چیلنج کرنے والی چھ مسلم طالبات نے بھی عرضی داخل کی ہے ۔ بتادیں کہ اس کیس سماعت کے دوران عدالت نے کہا تھا کہ ہم کرناٹک حجاب پابندی معاملہ کا جائزہ لینے کیلئے تیار ہیں ۔ کورٹ نے اس پر کرناٹک حکومت کو نوٹس بھی جاری کرکے جواب طلب کیا ہے ۔