کرناٹک میں پیر سے کورونا ویکسین کی تقسیم شروع ہوگی: وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر
10:37AM Sat 9 Jan, 2021
بنگلور: 9 جنوری،21 (یو این آئی) کرناٹک کے وزیر صحت ڈاکٹر سدھاکر نے بتایا کہ کہ ریاست کو ہفتہ تک کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی 13 لاکھ 90ہزار خوراکیں مل جائیں گی اور یہ پیر تک تمام اضلاع میں دستیاب ہوجائےگی۔
ڈاکٹر سدھا کر نے جمعہ کو یہاں کورونا ویکسین کی دستیابی کے پہلے مرحلے میں ویکسین کی تقسیم کے لیے کرناٹک کے نام پر غور کرنے پر مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ویکسی نیشن ریہرسل کے دوسرے مرحلے اور پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) ، ہیلتھ مراکز ، نجی اسپتالوں وغیرہ کی تیاریوں کی نگرانی کے لئے چک بلا پور میں تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست ہر ایک کے لیے ویکسین حاصل کرنے اور اسے موثر انداز میں تقسیم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ڈاکٹر سدھاکر نے بتایا کہ پہلے ہیلتھ ورکروں کو رجسٹرکیا جائے گا ۔ انہو ں نے بتایا کہ ہم نے ریاست میں 630 لاکھ ہیلتھ کارکنوں کو رجسٹرڈ کیا ہے۔ ان میں سے کچھ جن کے نام رجسٹرڈ نہیں ہوئے ہیں وہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں سے ہیں ، ہم نے سبھی سے اپنے نام درج کرنے کی درخواست کی ہے۔ ہیلتھ ورکروں کے بعد کورونا کی علامت والے افراد ، 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور پولس اور محکمہ محصول کے عملے جو ڈیوٹی کر رہے ہیں انہیں ٹیکہ لگایا جائے گا۔
ریاست میں کورونا ویکسی نیشن ریہرسل کا دوسرا مرحلہ 24 ڈسٹرکٹ اسپتال ، 20 میڈیکل کالجوں، 43 تعلقہ اسپتال ، 31 کمیونٹی ہیلتھ سینٹر ، 87 پرائمری ہیلتھ سینٹر، 30 شہری پرائمری ہیلتھ سینٹر اور 28 نجی اسپتالوں سمیت 263 پی ایچ سی میں مکمل ہوگا۔
مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق کورونا ویکسی نیشن ریہرسل کا پہلا مرحلہ 2 دسمبر کو بنگلور، بلگاوی، کلبرگی، میسور اور شیموگہ میں مکمل ہوا تھا۔