کانگریس لیڈران کے خلاف ای ڈی کی کارروائی روکنے بھٹکل میں بلاک کانگریس کمیٹی نے دیا میمورنڈم

04:41PM Mon 20 Jun, 2022

بھٹکل:20 جون، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انفورسمٹ ڈپارٹمنٹ (ای ڈی) کی طرف سے راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کے خلاف کی جارہی کارروائی پر ملک بھر میں کانگریسی کارکنان سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں  اور سڑکوں پر اتر کر ای ڈی کی اس کارروائی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ اسی دوران آج  بھٹکل میں تعلقہ بلاک کانگریس کمیٹی نے اسسٹنٹ کمشنر کے توسط صدر ہند کے نام میمورنڈم دیا،  جس میں صدر ہند سے اس معاملے میں مداخلت کرنی کی اپیل کرتے ہوئے ان کارروائیوں پر روک لگانے کی درخواست کی گئی   ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کی غیر  موجودگی میں دفتر کے ایک اہلکار نے میمورنڈم وصول کیا۔ اس سے قبل بلاک کانگریس صدر ایڈوکیٹ سنتوش نائک کی قیادت میں کانگریس دفتر سے منی ودھان سودھا تک ایک ریلی نکالی گئی  جو شمس الدین سرکل ہوتے ہوئے اے سی دفتر پہنچی ۔  ریلی کے دوران بی جے پی کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ واضح رہے کہ ملک کی آزادی سے پہلے 1938 میں پنڈت جواہر لال نہرو اور دیگر کانگریسی لیڈران کی طرف سے قائم کیے گئے ایسو سی ایٹیڈ جرنلس لمیٹیڈ کے اثاثوں کو 2012 ینگ انڈیا لمیٹیڈ کے نام پر منتقل کیے جانے کے بعد تنازع کھڑا ہوا تھا اور اب منی پیسوں کے غیر قانونی حصول و تبادلے کے الزام میں  انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ (ای ڈی)  کی طرف سے راہل گاندھی اور سونیا گاندھی سے تفتیش کی جارہی ۔