حجاب پر کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج،سپریم کورٹ سماعت کے لیے تیار

01:04PM Wed 13 Jul, 2022

نئی دہلی: 13 جولائی ،2022( ایجنسی )سپریم کورٹ نے کرناٹک حجاب تنازعہ کیس میں ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس معاملے کی سماعت اگلے ہفتے کسی بھی دن ہو سکتی ہے۔ بتا دیں کہ ہائی کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے ریاستی حکومت کے حجاب پہننے پر پابندی لگانے کے حکم کو برقرار رکھا تھا۔ چیف جسٹس این وی رمنا، جسٹس کرشنا مراری اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن کی عرضیوں کا نوٹس لیا کہ مقدمات بہت پہلے دائر کیے گئے تھے لیکن ابھی تک سماعت کے لیے فہرست میں شامل ہونا باقی ہے۔ بھوشن نے کہا کہ لڑکیاں پڑھائی سے محروم ہو رہی ہیں۔ ساتھ ہی بنچ نے کہا کہ اس معاملے کو اگلے ہفتے کسی وقت درج کیا جائے گا۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے حجاب تنازعہ پر مسلم طالبات کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ حجاب مذہب کا لازمی حصہ نہیں ہے۔ طلبہ سکول کالج میں یونیفارم پہننے سے انکار نہیں کر سکتے۔ عدالت نے کہا تھا کہ اسلام میں حجاب پہننا لازمی نہیں ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ اسکول یونیفارم کے حوالے سے ذمہ داری مناسب انتظام ہے۔ طالب علم یا طالبہ اس سے انکار نہیں کر سکتی۔