یکساں سول کوڈ کا مطالبہ غیر آئینی، بی جے پی سیاسی روٹی سینکنا بند کرے : جے ڈی یو

11:55AM Mon 19 Jun, 2023

یکساں سول کوڈ کے مطالبہ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے جے ڈی یو کے قومی ترجمان راجیو رنجن نے اسے بی جے پی کا انتخابی اسٹنٹ قرار دیا۔ آج منی پور نسلی تشدد کی آگ میں جل رہا ہے اور ملک کی بیٹیاں انصاف کی امید لگائے بیٹھی ہیں لیکن ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے بی جے پی لیڈر یکساں سیول کوڈ کے نام پر سیاسی روٹیاں سینکنے میں مصروف ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں صرف کرسی کی فکر ہے۔ انہوں نے عوام کو خدا کے بھروسے چھوڑ دیا ہے۔
راجیو رنجن  نے کہا کہ بی جے پی جانتی ہے کہ 2024 کے انتخابات کے لیے اس کے پاس کوئی مسئلہ نہیں بچا ہے، اسی لیے وہ یونیفارم سیول کوڈ کے نام پر ملک میں بد امنی پھیلانا چاہتی ہے۔ ان کا مقصد اس موضوع پر سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنا اور اسے اپنے حق میں پولرائز کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے دوبارہ اس معاملے کو اٹھانا شروع کر دیا ہے۔