Muslim community observes Bandh in Bhatkal over remarks against Prophet Mohammed

02:38PM Tue 15 Oct, 2024

بھٹکل : 15 اکتوبر، 2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کل پیر کے روز مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے زیر اہتمام زبردست احتجاج اور اے سی کے توسط  چیف جسٹس آف انڈیا کو  میمورنڈم دینے کے بعد بھٹکل میں آج مکمل طور پر  بند منایا جارہا ہے، جس کا مقصد یتی نرسنگھانند کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف کیے گئے گستاخانہ تبصروں پر اپنی ناراضگی کا اظہار  کرتے اسے UAPA کے تحت گرفتار کر نا ہے۔

اس بند کی آواز پر شہر میں تمام مسلم مالکان کی دکانیں اور کاروبار کے ساتھ ساتھ اسکول، کالج اور دفاتر وغیرہ منگل کی صبح سے بند  ہیں اور مسلم اکثریتی محلوں میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔

کل پیر کے روز بھٹکل کے منی ودھان سودھا میں  مولانا عبدالعلیم خطیب  اور دیگر  مقررین نے ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم  کی توہین کرنے والے نرسنگھانند کے بیانات کی سخت مذمت کی تھی اور اسے ایک "سماج دشمن عنصر" قرار دیا تھا جو کہ ہندوستان کے جمہوری اقدار کے خلاف  اپنی گندی زبان کا استعمال کر رہاہے۔ اس موقع پر مقررین  نے اس بات پر زور دیا تھا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم امن اور ہم آہنگی کی علامت تھے ان کی توہین کرنا گویا انسانیت کی توہین کرنا ہے لہذا ایسے آدمی کو کھلے عام چھوڑنے کے بجائے اس پر سخت سے سخے قانونی دفعات لاگو کی جائیں ۔ اس موقع پر شانتی پرکاشن کے محمد کنہی، تنظیم کے صدر عنایت اللہ شابندری نے بھی سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ  کرتے ہوئے  انتباہ دیا تھا کہ اگر حکومت مناسب اقدامات کرنے میں ناکام رہی تو احتجاج  میں مزید شدت لائی جائے گی اور ضلعی طور پر اس کا رد عمل ریکھنے کو ملے گا۔

 

آج کا بند پورے شہر میں پرامن طریقے سے منایا جارہا ہے جس میں کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعات  یا افراتفری کی  کوئی اطلاع نہیں ہے۔