انکولہ قومی شاہراہ پر بائک کی الیکٹرک کھمبے سے ٹکر: ماں اور بیٹے کی موقع پر ہی موت
01:11PM Sun 14 Feb, 2021
انکولہ: 14 فروری، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) انکولہ کے قریب رامن گولی قومی شاہراہ پر آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آئے سڑک حادثے میں ماں اور بیٹا دونوں فوت ہوگئے ہیں جن کی شناخت انگڑی بیل کے رہنے والے ہری ہر روی سدّی (24) اور اس کی والدہ بیبی روی سدّی (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق انکولہ سے 30 کلو میٹر دور کوڈلگیدے میں گذشتہ رات یکشگان کا پروگرام تھا جس میں شرکت کے بعد آج صبح ماں اور بیٹا بائک پر سوار گھر لوٹ رہے تھے کہ ان کی بائک برقی کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی انکولہ پولس انسپکٹر کرشنانند نائیک اور دیگر پولس اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور نعشوں کو انکولہ سرکاری اسپتال پہنچایا۔
انکولہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔.