مانسون کا انتظار ختم، اگلے 48 گھنٹوں میں کیرالہ میں دے گا دستک، آئی ایم ڈی نے کی تصدیق، ہوگی جھماجھم بارش

04:15PM Wed 7 Jun, 2023

نئی دہلی : مانسون کا انتظار ختم ہونے جارہا ہے ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے تازہ اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں مانسون کیرالہ میں دستک دے سکتا ہے ۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں کیرالہ میں مانسون کی شروعات کیلئے حالات سازگارہورہے ہیں ۔ اے این آئی نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے یہ جانکاری دی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ مانسون گزشتہ اتوار کو کیرالہ میں دستک دینے والا تھا، لیکن اس کی شروعات نہیں ہوئی اور محکمہ موسمیات نے اس میں تین سے چار دن کی مزید تاخیر ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا ۔ جنوب ۔ مغربی مانسون عام طور پر یکم جون کو کیرالہ میں دستک دیتا ہے اور اس کی شروعات سات دن پہلے یا سات دن بعد ہوسکتی ہے۔

مئی کے وسط میں آئی ایم ڈی نے کہا تھا کہ مانسون چار جون تک کیرالہ میں دستک دے سکتا ہے ۔ آئی ایم ڈی نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ جنوبی بحیرہ عرب کے اوپر مغربی ہواوں میں اضافہ کے ساتھ حالات سازگار ہورہی ہیں ۔ ساتھ ہی مغربی ہواوں کی گہرائی رفتہ رفتہ بڑھ رہی ہے اور چار جون کو مغربی ہواوں کی گہرائی اوسط سمندر ساحل سے 2.1 کلو میٹر اوپر تک پہنچ گئی ۔
سائنسدانوں نے کہا کہ حالانکہ مانسون کی شروعات میں اس تاخیر سے ملک میں خریف کی بوائی اور کل بارش پر اثر پڑنے کا امکان نہیں ہے ۔ جنوب مشرقی مانسون پچھلے سال 29 مئی  کو کیرالہ پہنچا تھا۔ آئی ایم ڈی نے پہلے ہی کہا تھا کہ ال نینو کی صورتحال پیدا ہونے کے باوجود جنوب مغربی مانسون کے موسم میں ہندوستان میں نارمل بارش ہونے کی امید ہے۔