ہوناور شراوتی پل پر کار اور بائک کی ٹکر کے بعد دونوں بائک سوارندی میں جاگرے۔ ایک کو بچا لیا گیا دوسرے کی تلاش جاری
03:39PM Mon 7 Mar, 2022

ہوناور: 7 مارچ،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل سے تقریبا 58 کلو میٹر دور شراوتی ندی کے اوپر موجود شراوتی پل پر آج شام کے وقت بائک اور کار کی ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں بائک پر سوار دونوں افراد پل سے نیچے ندی میں جاگر ے۔ حادثہ کے بعد ایک شخص کو بچالیا گیا لیکن دوسرا شخص پانی کے بہاؤ میں بہہ جانے کی وجہ سے نہیں مل سکا جس کی تلاش کی جارہی ہے۔
اطلاع کے مطابق بائک سوار کاسرکوڈ سے ہوناور کی طرف آرہے تھے کہ مخالف سمت سے آرہی کار سے ٹکرا گئے ۔ ٹکر اتنی تیز تھی کہ ٹکر لگتے ہی دونوں شراوتی ندی میں جاگرے ۔ حادثہ کے فوری بعد ہوناور پولس اور فائیر بریگیڈ عملہ پہنچا اور دونوں میں سے ایک شخص کو بچانے میں کامیاب ہوگیا جس کی شناخت کاسرکوڈ کے رہنے والے سنیل کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ شودھ نامی دوسرے شخص کی تلاش تا دم تحریر جاری ہے۔
موقع واردات پر ہوناور پولس اور فائیر بریگیڈ عملہ دوسرے شخص کی تلاش میں ہے جبکہ مقامی افراد کی بھی ایک بڑی تعداد تلاشی میں لگی ہوئی ہے۔
