لاک ڈاؤن کے باوجود بھٹکل میں اس سال خوش اسلوبی سے انجام پایا فطرہ کا کام: 2600 خاندانوں میں فطرہ کی تقسیم

03:26PM Tue 26 May, 2020

بھٹکل: 26 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) امسال لاک ڈاؤن رہنے کے باوجود انتطامیہ کی جانب سے اجازت لے کر فطرہ کمیٹی نے بہت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ اس کام کو انجام تک پہنچایا اور وقت سے پہلے ہی یہ کام اپنے اختتام کو پہنچا" ان خیالات کا اظہار مرکزی فطرہ کمیٹی کے کنوینر مولانا الیاس صاحب جاکٹی ندوی نے کیا وہ آج فطرہ کمیٹی کی جائزہ میٹنگ میں ممبران سے مخاطب تھے۔ مولانا نے اس موقع پر کہا کہ سابقہ سالوں کے مقابلہ میں امسال بہت سی الگ چیزیں ہوئی ہیں اور اچھی چیزیں ہوئی۔ مولانا نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ اس بار حالات کی وجہ سے فطرہ لینے والوں کی تعداد سابقہ سالوں کے مقابلہ میں زیادہ ہوگئی تھی انہوں نے کہا کہ اس بار مجموعی طور پر فطرہ کمیٹی کے زیر اہتمام دو ہزار چھ سو خاندانوں میں فطرہ تقسیم کیا گیا۔ مولانا الیاس صاحب نے کہا کہ سابقہ سالوں سے ہٹ کر اس بار پچیس رمضان سے 29 رمضان تک فطرہ چاول تقسیم کیا گیا اور فطرہ کا چاول تمام لوگوں کے گھروں تک بھی پہنچایا گیا جس کے سبب کسی کو آنے کی ضرورت نہیں ہوئی۔ مولانا نے بیرون بھٹکل کی جماعتوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی اس بار بہت ہی زیادہ تعاون کیا ہے جس کے سبب بھٹکل میں امسال فطرہ چاول کے ساتھ ساتھ شکر، آٹا اور باسمتی چاول کے کٹ بھی دیے گئے۔ مولانا نے اس موقع پر واضح کیا کہ یہ کمیٹی مخصوص لوگوں کی یا مستقل ممبران کی کمیٹی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی 34 سالوں سے یہ کام کر رہی ہے اور جو نوجوان اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں وہی اس میں شریک ہوتے ہیں اس کے  لیے کوئی مستقل ممبر نہیں ہوتے ہیں۔ مولانا محترم کے علاوہ اس موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر جناب ایس ایم پرویز صاحب، جناب ارشاد نائیطے صاحب، جناب مولانا عزیزالرحمان رکن الدین ندوی اور جناب سمیع اللہ اٹل صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔