Middle East crisis: US and Iran fail to reach a deal after marathon peace talks in Pakistan
12:05PM Sun 12 Apr, 2026
اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ظاہر ہے فریقین کے درمیان زیربحث نکات میں سبھی پر اتفاق رائے قائم نہیں ہوسکا جس کے نتیجے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے الفاظ میں ایران کے ساتھ بات چیت اچھی رہی اور ہم کسی معاہدے پر نہیں پہنچ سکے ۔
اسلام آباد امن مذاکرات کے بے نتیجہ رہنے پر فریقین کے مختلف موقف ہیں۔ جے ڈی وینس کے مطابق،مذاکرات میں امریکہ نیک نیتی سے شریک ہوا اور اپنی شرائط پیش کیں۔وینس کے مطابق ، ایران نے ہماری شرائط کو تسلیم نہ کرنے کا انتخاب کیا۔ہم ڈیل کے بغیرامریکہ لوٹ رہے ہیں ۔
وہیں ایران کی سرکاری میڈیا نے امریکہ کے مطالبات کو غیرمعقول قراردیا۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی وفد کی کوششوں کے باوجود امریکہ کے نامناسب مطالبات کے سبب بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ،اس بیچ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ اسلام آباد میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں کئی نکات پر اتفاق ہوا ہے تاہم دو، تین اہم نکات پر اختلاف رائے کے باعث تاحال جامع معاہدہ طے نہیں پا سکا۔ انھوں مزید کہا کہ بات چیت 40 روزہ جنگ کے بعد، بے اعتمادی اور شکوک و شبہات کے ماحول میں ہوئے۔اس صورت میں ایک ملاقات میں کوئی معاہدہ طئے پانے کی کسی کو اُمید نہیں تھی۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا دعویٰ ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور دس دنوں میں ہوسکتا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے مثبت سوچ سےآگے بڑھیں گے۔