بھٹکل تعلقہ میں زبردست بارش۔ کئی علاقے زیر آب: دکانوں اور مکانوں میں گھسا بارش کا پانی ۔ مٹھلی میں چٹان کھسکنے سے مکان زمین بوس۔ تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان

04:17AM Tue 2 Aug, 2022

بھٹکل: 2 اگست،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل تعلقہ میں کل شام سے ہورہی مسلسل بارش کے بعد کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ مسلسل بارش کی وجہ سے بھٹکل کے نشیبی علاقوں میں واقع دکانوں اور مکانوں میں کمر تک پانی آگیا ہے جس کی وجہ سے عوام کافی پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ادھر مین روڈ، ماری کٹہ، شوکت علی روڈ، چوتنی، قاضیا محلہ ، جامع محلہ، چوتنی،مٹھلی،موڈ بھٹکل،منڈلی، اور اوپر کے علاقوں میں آزاد نگر، بھینڈے کان ، موسی نگر وغیرہ میں راستوں پر پانی جمع ہونے سے عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، جبکہ بھٹکل سرکل ،رنگین کٹہ اور شرالی قومی شاہراہ پر پانی جمع ہونے سے شاہراہ تالاب میں تبدیل ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سواریوں کی آمد و رفت میں کافی دقتیں پیش آرہی ہیں۔ تعلقہ کے مٹھلی میں چٹان کھسکنے سے وہاں موجود ایک مکان زمین بوس ہوگیا ہے ۔ سمجھا جارہا ہے کہ اس مکان میں میں چار افراد موجود تھے جو زمین میں دب کر ہلاک ہوگئے ہیں  جنہیں نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ طوفانی ہواؤ ں کے ساتھ جاری مسلسل بارش کی وجہ سے تعلقہ میں کئی مقامات سے درخت، دیواریں اور الیکٹر ک کھمبوں کے گرنے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں جس کی وجہ سے کل رات سے ہی تعلقہ میں بجلی کی فراہمی رکی ہوئی ہے۔ تیز بارش کے بعد آج صبح ہی اتر کینرا ڈپٹی کمشنر نے  ضلع کے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔ اس دوران بھٹکل میں جگہ جگہ نوجوان پہنچ کر راحت کا کام انجام دے رہے ہیں اور عوام کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تو دوسری طرف فائیر بریگیڈ عملہ بھی حرکت میں آگیا ہے جبکہ رکن اسمبلی سنیل نائک بھی بارش سے متاثر علاقوں کا دورہ کرکے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ بزرگ حضرات کی مانیں تو بھٹکل میں ایسی بارش قریب بیس  پچیس سال پہلے دیکھنے کو ملی تھی جس کے بعد شہر کے اکثر علاقے زیر آب آگئے تھے۔ مزید تفصیلات کے لیے انتظار کریں۔