ہندوستان سیمی فائنل میں ہارا، اب انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ہوگا فائنل

01:49PM Thu 10 Nov, 2022

نئی دہلی : انگلینڈ نے سیمی فائنل میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنالی ، جہاں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ فائنل 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹیم انڈیا نے ہاردک پانڈیا (63) اور وراٹ کوہلی (50) کی اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں جوس بٹلر(80) اور الیکس ہیلس (86) کی شاندار اور طوفانی اننگز کی بدولت انگلش ٹیم نے 16 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 170 رنز بنالئے۔ اس سے پہلے ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کے سامنے جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف رکھا ۔ ٹیم انڈیا نے ہاردک پانڈیا (63) اور وراٹ کوہلی (50) کی اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے تین جبکہ کرس ووکس اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹیم انڈیا کی شروعات ایک بار پھر خراب رہی۔ دوسرے اوور میں کے ایل راہل 5 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ راہل نے ووکس کی اچھال لیتی گیند پر بلے کو لگایا اور بٹلر کو وکٹ کے پیچھے کیچ دے دیا۔ اس کے بعد کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے ہندوستانی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 43 گیندوں میں 47 رنز کی شراکت داری کی۔ روہت نے 28 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے۔ وہ جارڈن کی گیند پر باؤنڈری پر سیم کیرن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مارک ووڈ کی جگہ جارڈن کو انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
ٹیم انڈیا کی سب سے بڑی امید سوریہ کمار یادو سے تھی۔ سوریا نے بین اسٹوکس کی گیند پر چھکا اور چوکا لگا کر ہاتھ کھولنے کا اشارہ دیا۔ تاہم وہ عادل رشید کی گیند پر فل سالٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ سوریا نے 10 گیندوں میں 14 رنز بنائے۔ ہاردک پانڈیا 75 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کریز پر اترے۔ پانڈیا نے وراٹ کوہلی کے ساتھ 35 گیندوں میں نصف سنچری شراکت داری دی۔ 18ویں اوور میں پانڈیا نے کرس جارڈن کو بھی لگاتار دو چھکے لگائے۔ کوہلی اور پانڈیا کے درمیان چوتھی وکٹ کے لئے 61 رنز کی شراکت ہوئی۔
آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے اپنا تیسرا ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل صرف 29 گیندوں میں بنایا ۔ ہاردک نے 3 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے نصف سنچری اننگز کھیلی۔ پانڈیا نے 33 گیندوں میں 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔