بھٹکل میں تنظیم اور دیگر اداروں کی طرف سے مشترکہ طور پر شروع کی گئی ہے موبائل کلینک: اب گھر بیٹھے کرائیں اپنا علاج

12:59PM Tue 11 May, 2021

بھٹکل: 11 مئی،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مجلس اصلاح وتنظیم ، انڈین نوائط فورم اور بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی طرف سے مشترکہ طور پر آج عصر بعد ویلفئیر اسپتال میں موبائل کلینک کا افتتاح مولانا انصار خطیب مدنی کے ہاتھوں عمل میں آیا جس میں ان تینوں اداروں کے ذمہ داران سمیت بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ جناب عبدالرقیب ایم جے اور جناب غفران لنکا نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ یہ وین بھٹکل میں ہر دن محلہ وار گشت کرے گی اور وہاں پہنچ کر پہلے سے سروے کیے گئے  مریضوں کی ڈاکٹروں کے ذریعے جانچ کرتے ہوئے انہیں دوائیاں بھی دے گی ۔اس کے لیے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے تحت محلہ وار سروے کیا گیا ہے جس میں ہر محلے میں گھر پہنچ کر مریضوں کی شناخت کی جارہی ہے، انہوں نے اس موبائل کلینک کا مقصد تمام لوگوں کے دلوں سے خوف نکالنا اور ان کا  مکمل علاج کرانا ہے۔ اس سلسلے میں بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا عزیز الرحمان رکن الدین ندوی نے بھٹکلیس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موبائل کلینک کو محلہ وار گھمانے اور اس کا انتظام کرنے کی ذمہ داری بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کو سونپی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ  اس موبائل کلینک کے ذریعے بخار، کھانسی، زکام، پیٹ درد آکسیجن لیول کی چیکنگ اور دیگر بیماریوں کا علاج کیا جائے گا ۔ اس سے امید ہے کہ لوگ بغیر خوف و دہشت کے اطمینان کے ساتھ اپنا علاج کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج عصر بعد اس وین نے قدوائی روڈ کا چکر لگایا اور وہاں پہلے سے سروے کیےمریضوں کا علاج کیا۔ صدر فیڈریشن نے اس موقع پر تینوں اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے اور فیڈریشن کے تحت کام کرنے والے نوجوانوں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔