اب کورونا سے مرنے والوں کی لاش حوالہ کرتے وقت یہ کام کرنا ہوگا ضروری: ریاستی حکومت کی طرف سے پروٹوکول میں ترمیم
03:39PM Tue 25 Aug, 2020
بینگلورو: 25 اگست،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اب تک کورونا سے وفات پانے والوں کے سلسلہ میں ان کی میت کو پروٹوکول کے تحت پوری طرح ڈھانک کر رشتے داروں کے حوالے کیا جانے ضروری تھا۔ لیکن ایک روز قبل اڈپی کے ایک اسپتال میں لاش کی تبدیلی کے بعد ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں پرٹوکول کو تبدیل کرتے ہوئے نئے قوانین جاری کر دیے ہیں۔
ریاستی وزیر داخلہ اور اڈپی ضلع کے انچارج وزیر بسوراج بومائی نے مقامی ایم ایل اے اور ضلع انتظامیہ کے افسران سے ویڈیو کانفرنس میٹنگ کے ذریعے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ اسپتال میں کوڈ سے یا پھر کسی اور مرض کی وجہ سے فوت ہونے والے شخص کی لاش اس کے رشتے داروں کے حوالے کرنے سے پہلے کسی رشتے دار کی طرف سے شناخت کروانا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ کوڈ کی وجہ سے فوت ہونے والے شخص کی لاش گھر والوں کے حوالے کرتے وقت ایک ہیلتھ آفیسر کا موقع پر موجود رہنا بھی لازمی ہوگا۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے چلتے ایسے بہت سارے معاملات پیش آئے ہیں جس میں اہل خانہ کو دوسروں کی ہی لاشیں سونپی گئیں ہیں۔