وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی بارش سے متاثرہ علاقوں کا کر رہے ہیں دورہ: کل بھٹکل پہنچ کر اتر کینرا کا کریں گے دورہ

09:26AM Tue 12 Jul, 2022

بھٹکل : 12 جولائی،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست کرناٹک میں گزشتہ ایک ہفتے سے ہورہی موسلادھار بارش سے ہوئے نقصانات کا جائز ہ لینے کے لیے ریاستی وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی اپنے دو روزہ دورے پر ہیں اور اس دوران وہ چار ساحلی اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں جس میں اترکینرا ضلع بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق کل 13 جولائی کو صبح قریب بارہ بجے وہ بھٹکل پہنچیں گے اور  یہاں سے اتر کینرا کے دیگر مقامات کا دورہ کرتے ہوئے بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے ۔ اس سلسلے میں ضلع اترکینرا کے انچارج وزیر کوٹا  شری نواس پجاری نے خبر دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ دکشن کینرا کے بعد 13 جولائی کو بھٹکل کے راستے اترکینرا میں داخل ہونگے اور بھٹکل میں حالات کا جائزہ لینے کے بعد آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ  کل بدھ کو صبح بارہ بجے تک وزیراعلیٰ کے بھٹکل پہنچنے کی امید ہے۔ خیال رہے کہ وزیرا علیٰ بسوراج بومائی سی ایم بننے کے بعد پہلی بار اترکینرا پہنچ رہے ہیں تو ایسے میں امید کی جارہی  ہے کہ یہاں کے عوام ان کے سامنے ضلع میں پیش آنے والے بہت سے مسائل رکھیں گے اور انہیں میمورنڈم بھی پیش کریں گے۔