بارش کے اس موسم میں بھٹکل کے بازاروں کی زینت بن رہے ہیں قدرتی مشروم: آسمان کو چھو رہی ہیں قیمتیں

03:15PM Mon 27 Jul, 2020

بھٹکل: 27 جولائی 20  (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں برساتی دنوں میں پائی جانے والی بھٹکلی لوگوں کی مرغوب غذا قدرتی مشروم (کھمبی) ان دنوں بازاروں کی زینت بن رہی ہے۔ لیکن کورونا کی اس مہاماری میں بھی اس کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں۔ مضافاتی علاقوں کی جنگلوں میں خاص بارش کے بعد مخصوص جگہوں پر اگنے والی یہ کھمبی یہاں عام زبان میں البے کہلاتی ہے جو کہ بھٹکلی لوگوں کی بہت ہی پسندیدہ غذا سمجھی جاتی ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ قیمتیں زیادہ ہونے کے باوجود لوگ اسے بڑی مقدار میں ہاتھوں ہاتھ خریدتے ہیں اور خلیج میں رہنے والے اپنے دوست احباب کو پارسل کر دیتے ہیں۔ کل سنڈے لاک ڈاؤن کے بعد آج بھٹکل کے بازار میں پہلے دن اتنی تعداد میں مشروم دکھائی دیے جن کی قیمت سو کے لیے چار سو سے چھ سو تک متعین تھی۔ خیال رہے کہ جنگلاتی محکمہ کی جانب سے گذشتہ سال اسے کاٹنے پر پابندی کے بعد بھٹکل کے بازاروں میں مشروم آنا کم ہوگئے تھے۔