Mankal Vaidya inaugurates Awareness Rally on World Cancer Day at Bhatkal Govt Hospital

06:17PM Mon 5 Feb, 2024

بھٹکل : 5 فروری ،2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کینسر کے عالمی دن کے موقع پر بھٹکل میں اس تعلق سے بیداری لانے کے لیے  تعلقہ سرکاری اسپتال سے ایک بیداری ریلی نکالی گئی جس کا افتتاح ضلع نگراں کار وزیر منکال وئیدیا نے کیا ۔ یہ ریلی شمس الدین سرکل سے ہوتے ہوئے  سنڈے مارکیٹ روڈ پہنچی جہاں  سے سرکاری اسپتال جاکر  ختم ہوئی۔

وزیر منکا ل وئیدیا نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینسر کے تعلق سے  لوگ بہت غفلت میں رہتے ہیں ، اس تعلق  سے جلد ہی توجہ دے کر مناسب علاج کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اب کینسر کا علاج بھی دریافت ہوچکا ہے اس لیے اس سے ڈرنے کی بالکل بھی ضرورت نہیں ہے بلکہ بروقت علاج کرنے کی ضرورت ہے۔

تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر سویتا کامتھ نے  پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے  موقع کی مناسبت سے مفید باتیں کہیں ۔

اس پروگرام میں  تعلقہ اسپتال کے   اروگیہ رکشھا سمیتی (تحفظ صحت کمیٹی) کے ممبران  نذیر قاسمجی، ڈاکٹر ظہیر کولا،  راجیش نائک،  سُدھاکر نائک اور معروف سماجی کارکن ٹاپ نثار وغیرہ بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ ہرسال 4 فروری کو کینسر کا عالمی  دن منایا جاتا ہے ۔ اس  مہلک بیماری  کو  آخری اسٹیج تک پہنچنے سے پہلے ہی  اس کا علاج کرانے اور اس  سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے  کے مقصد سے ورلڈ کینسر ڈے  پر عوام الناس  میں کینسر کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے  کی کوشش کی جاتی ہے۔