Majlis Islah Wa Tanzeem Call For Bhatkal Bandh on 15 October

04:24PM Sun 13 Oct, 2024

بھٹکل: 13 اکتوبر، 2024  (بھٹکلیس نیوز بیورو؍ پرسی ریلیز)یتی نرسمہانند نامی شخص کی جانب سے حضرت محمد مصطفیٰ  صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات  اقدس  کے خلاف دیے گئے اہانت آمیز بیان پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل  نے پیر کو اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) کے توسط سے چیف جسٹس آف انڈیا کے نام میمورنڈم ارسال کرنے اور منگل 15 اکتوبر کو بھٹکل بند رکھنے  کا اعلان کیا ہے۔

تنظیم کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں پیر کی صبح قوم کے ذمہ داروں کا وفد بھٹکل پولیس تھانہ پہنچ کر یتی نرسمہانند کے خلاف ایف آئی آر درج کرائے گا۔ اسی شام منی ودھان سودھا کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے چیف جسٹس آف انڈیا کو میمورنڈم پیش کیا جائے جبکہ دوسرے دن بروز منگل 15 اکتوبر کو مکمل بھٹکل بند رکھا جائے گا۔اس کے تحت تمام دکانیں، کاروبار، دفاتر، اسکول، کالج، دینی مدارس، آٹورکشے، ٹیمپو، ہوٹل اور تعمیراتی کام مکمل طور پر بند رہیں گے۔ ضروریات زندگی جیسے گوشت، مچھلی، دودھ، سبزی، پھل وغیرہ کی خرید و فروخت بھی بند رہے گی۔

عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس بند کو کامیاب بنا کر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کریں۔

تنظیم نے پریس ریلیز میں مزید کہا ہے کہ اس بند کو مکمل کامیاب بنانے کے لیے ملت کے ہر فرد اور ادارے کا تعاون ضروری ہے۔ یہ بند پورے دن، یعنی رات تک جاری رہے گا، اور بدھ 16 اکتوبر سے تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہوجائیں گی۔

تنظیم کی طرف سے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ  پیر کی شام 4:30 بجے کثیر تعداد میں منی ودھان سودھا کے باہر جمع ہوں۔

واضح رہے کہ 29 ستمبر 2024 کو غازی آباد کے لوہیا نگر میں واقع ہندی بھون میں ایک سیوا سنستھان کی جانب سے پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں ڈاسنا مندر کا مہت یتی نرسمہا نند سرسوتی بھی پہنچا تھا اور وہاں اس نے حضور  صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں متنازعہ بیان دیا۔

غور طلب ہے کہ اس مہنت کے دیے گئے بیان سے پورے ملک میں غصے کی لہر ہے، ملک بھر میں لوگ اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایسے ڈھونگی باباؤں، جو نفرت پھیلا کر اپنا الو سیدھا کرتے ہیں ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔