Majlis-E-Millia releases details of inaugration ceremony of reconstructed and refurbished Tanzeem Milliya Masjid

11:21AM Wed 9 Apr, 2025

 

بھٹکل : 09 اپریل، 2025 (بھٹکلیس نیوز بیورو) نوائط کالونی میں واقع تنظیم ملیہ   مسجد  کا   10 /اپریل،2025  جمعرات  کو نماز عصر کے ساتھ افتتاح ہونے جارہا ہے جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری اور معروف عالم دین مولانا عمرین محفوظ رحمانی شریک ہوں گے۔  اس کی جانکاری مجلس ملیہ کے دفتر میں منعقد اخباری کانفرنس میں مجلس ملیہ کے  صدر جناب عتیق الرحمن منیری نےدی۔انہوں نے بتایا کہ   یہ مینگلورو سے گوا تک کی سب سے عالی شان مسجد ہوگی جس کا افتتاح سولہ سال بعد ہونے جارہا ہے۔   عتیق الرحمٰن منیری کے مطابق یہ  مسجد صرف عبادت کے لیے ہی  نہیں ہوگی بلکہ یہ مسجد بھٹکل میں دینی تعلیم، سماجی بیداری، اصلاحِ معاشرہ اور انسانی خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔

افتتاحی تقریب سے متعلق مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تقریب دو نشستوں پر مشتمل ہوگی۔ پہلی نشست بعد نماز عصر  منعقد ہوگی جبکہ دوسری نشست کا انعقاد بعد نماز عشاء  عمل میں آئے گا جس میں ملک کے مشہور قاری حافظ ہدایت اللہ جئے پوری اور بھٹکل سے قاری مولوی احمد رکن الدین ندوی بھی قرأت کا مظاہرہ کریں گے  اور ساتھ ہی ملک کے موجود ہ حالات خصوصا وقف ترمیمی قانون کے تعلق سے مہمان خصوصی اور دیگر حضرات کے بیانات ہوں گے۔

منتظمین نے عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس  خوبصورت مسجد کی زیارت کے لئے خواتین کو 12 اپریل بروز سنیچر شام ساڑھے چار بجے کا وقت دیا گیا ہے ، جس میں خواتین مسجد کی زیارت کے لیے آسکتی ہیں ۔

اس اخباری کانفرنس میں مولانا عرفان ایس ایم ندوی اور جاوید آرمار صاحب بھی موجود تھے۔