بی جے پی انسداد تبدیلی مذہب بل کونسل میں پاس کروانے میں ناکام فی الحال بل واپس،اگلے اجلاس میں ہوگا پیش

04:28AM Sat 25 Dec, 2021

بیلگاوی -25دسمبر(سالارنیوز) گذشتہ روز کرناٹک کی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے درمیان منظورکیے گئے انسداد تبدیلی مذہب بل کو کونسل میں پاس کروانے میں ناکامی کے آثار کو دیکھتے ہوئے ریاستی بی جے پی حکومت نے جمعہ کے روز اس بل کو واپس لینے کا اعلان کیا اور کہاکہ اگلے اجلاس میں اسے پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی- لجسلیٹیو کونسل میں اس بل کو پاس کروانے کیلئے بی جے پی کو اراکین کی مطلوبہ تعداد نہ مل پانے اور بیلگاوی اجلاس کے آخری دن بعض اراکین کے اپنے اپنے اضلاع کیلئے روانہ ہوجانے کے سبب مجبوراً بی جے پی نے کانگریس کی ہنگامہ آرائی کے دوران متنازعہ بل کو واپس لینے کا فیصلہ کیا- ایوان بالا کے لیڈر اور ریاستی وزیر کٹا سرینواس پجاری نے ایوان میں بل واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اگلے اجلاس میں اس بل کو دوبارہ لایا جائے گا- اس سے قبل اجلاس کی کارروائی صرف اس لئے چل نہ سکی کہ بل پاس کرانے کیلئے بی جے پی کو جتنے ممبروں کی ضرورت تھی وہ اسے مل نہیں پارہے تھے- جہاں کانگریس نے اس بل کی اسمبلی اورکونسل میں شدت سے مخالفت کی وہیں جے ڈی ایس نے بھی کانگریس کا موقف اپناتے ہوئے بل کو پاس ہونے نہیں دیا- ایوان بالا میں مطلوبہ اکثریت چونکہ حکمران پارٹی کے پاس نہیں ہے اسی لئے بی جے پی نے اس بل کو واپس لینے کا فیصلہ کیا-اب اگلے اجلاس میں اس بل کو دوبارہ اسمبلی میں پاس کروانا پڑے گا اورپھر ایوان بالا میں لایا جائے گا-