کیا لوگوں کے ہلانے سے گرا موربی کا کیبل سسپینشن پل؟ جانئے وائرل ویڈیو کی سچائی

11:12AM Mon 31 Oct, 2022

احمد آباد: گجرات کے موربی میں ماچھو ندی پر بنا 140 سال پرانا کیبل سسپنشن پل 30 اکتوبر کی شام کو گر ٹوٹ گیا۔ اس حادثے میں 134 لوگوں کی المناک موت ہو گئی۔ یہ پل 7 ماہ تک مرمت کے لیے بند تھا اور اسے 26 اکتوبر کو دوبارہ عام لوگوں کے لیے کھولا گیا تھا۔ اس پل کو ہیریٹیج اسٹیٹس درجہ حاصل ہے اور یہ موربی میں توجہ کا مرکز رہا ہے۔ چونکہ پل کو طویل عرصے کے بعد عوام کے لیے کھولا گیا تھا اور اتوار کو چھٹی ہونے کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ گئی۔ اس کی گنجائش 100 افراد کا بوجھ برداشت کرنے کی تھی اور حادثے کے وقت پل پر 500 کے قریب لوگ ایک ساتھ کھڑے تھے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دو ویڈیو کلپس وائرل ہو رہے ہیں۔ ایک ویڈیو میں موربی پل پر لوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھی جا سکتی ہے۔ ایک اور وائرل ویڈیو میں کچھ لوگ پل کو زور سے ہلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ کچھ نوجوان پل کے تاروں کو پاؤں مارتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ دونوں ویڈیوز حادثے سے کچھ پہلے کی ہیں۔ کچھ تصدیق شدہ ہینڈلز نے بھی ان ویڈیوز کو شیئر کیا ہے اور حادثے کے پیچھے سازش کا امکان ظاہر کیا ہے لیکن پولیس اور مقامی انتظامیہ کی تحقیقات میں یہ دعویٰ جھوٹا نکلا۔  بتایا گیا ہے کہ دونوں ویڈیوز تقریباً 10 ماہ پرانے ہیں اور ان کا 30 اکتوبر کے واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ دونوں ویڈیوز اگرچہ پرانی ہیں لیکن یہ موربی پل کی ہی ہیں… آخر لوگ پل کیوں ہلا رہے ہیں؟ کیا یہ پل کو نقصان پہنچانے کی نیت سے نہیں کیا جا رہا؟ کیا عوام کا یہ عمل حادثے کو دعوت تو نہیں دے رہا۔
وائرل ہونے والے دونوں ویڈیوز سب سے پہلے موربی سے ہی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے گئے تھے۔ گجرات اے ٹی ایس نے بھی اپنی سطح پر ان ویڈیوز کی چھان بین کی ہے اور ان کا کل کے واقعہ سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا ہے۔ وہیں اس درمیان موربی میں حادثے کے بعد، کیبل پل کی مرمت اور دیکھ بھال کرنے والی کمپنی اوریوا کے خلاف آئی پی سی کی سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔