شیخ محمد بن زائد النہیان ہوں گے یو اے ای کے نئے صدر

03:47PM Sat 14 May, 2022

دبئی: متحدہ عرب امارات  کے نئے صدر کا اعلان کردیا گیا ہے۔ شیخ محمد بن زائد النہیان  ملک کے اگلے صدر ہوں گے۔ شیخ محمد کی عمر 61 سال ہے اور وہ اس پر قابض ہونے والے ملک کے تیسرے صدر ہوں گے۔ جمعہ کے روز یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کا انتقال ہوگیا تھا۔ یو اے ای کی صدر امور کی وزارت نے شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال پر 40 دن کا قومی سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تین دنوں تک سبھی سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر بند رہیں گے۔
امارات نیوز ایجنسی نے ہفتہ کے روز جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ UAE کی فیڈرل سپریم کاونسل نے شیخ خلیفہ کی موت کے بعد ابو ظہبی کے کراون پرنس شیخ محمد بن زائد النہیان کو ملک کا نیا صدر منتخب کیا ہے۔ اس سے متعلق کونسل کی طرف سے ہفتہ کے روز شیخ محمد کی صدارت میں ابو ظہبی کے المشرف پیلیس میں میٹنگ کی اور اس میں انہیں اگلا صدر منتخب کیا گیا۔ ہندوستان میں ایک روزہ سرکاری سوگ واضح رہے کہ شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال کے بعد ہندوستان نے بھی ایک دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس بارے میں مرکزی وزیر داخلہ کی طرف سے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو پیغام جاری کیا گیا ہے۔ پیغام کے مطابق، سرکاری سوگ کے دوران سبھی سرکاری عمارتوں میں قومی پرچم کو نصف جھکا دیا جائے گا۔
صدر شیخ خلیفہ کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان کی قیادت میں ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کافی مضبوط ہوئے اور دونوں ہی ممالک میں نزدیکیاں بڑھیں۔