کسان لیڈر راکیش  ٹکیت پر  بینگلور میں پریس کانفرنس کے دوران پھینکی گئی  سیاہی

11:53AM Mon 30 May, 2022

بینگلورو:  30 مئی ،2022 (ایجنسی)بینگلور میں پریس کانفرنس کر رہے کسان لیڈر راکیش ٹکیت اور یدھویر سنگھ پر آج سیاہی پھینکی گئی ہے ۔ ایک مقامی نیوز چینل کے اسٹنگ آپریشن کے ویڈیو پر ٹکیت اور سنگھ بنگلورو میں پریس کانفرنس کرکے وضاحت پیش کررہے تھے، اسی دوران ان پر  سیاہی پھینکی گئی ۔ نیوز چینل نے اپنے اسٹنگ آپریشن میں کرناٹک کے کسان لیڈر کوڈہللی چندر شیکھر کو پیسے مانگتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑنے کا دعوی کیا ہے ۔راکیش ٹکیت اور یدھویر سنگھ پریس کو یہ وضاحت کرنے کیلئے مخاطب کررہے تھے کہ وہ اس میں شامل نہیں ہیں اور کسان لیڈر کو کوڈی ہللی چندر شیکھر کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے ۔ اسی دوران کچھ لوگوں نے بحث شروع کردی اور دونوں کسان لیڈروں پر سیاہی پھینک دی ۔ لوگوں نے کرسیاں بھی پھینکنی شروع کردیں ۔ بی کے یو ترجمان کے مطابق ان پر سیاہی کسان لیڈر چندرشیکھر کے حامیوں نے پھینکی ۔ بنگلورو کے ہائی گراونڈس پولیس اسٹیشن کے مطابق گاندھی بھون میں پریس کانفرنس کے دوران کسان لیڈروں پر  سیاہی پھینکنے کے معاملہ میں تین لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس واقعہ پر راکیش ٹکیت نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ سیکورٹی بندوبست بنائے رکھنا مقامی پولیس کی ذمہ داری تھی ۔ انہوں نے کرناٹک سرکار پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ سب ملی بھگت سے ہوا ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں تینوں زرعی قوانین کی مخالفت میں غازی پور بارڈر پر سال بھر چلے کسان آندولن کے دوران بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت اہم چہرہ تھے۔ بی کے یو مبینہ طور پر داخلی خلفشار کا شکار ہورہی ہے ۔ راکیش ٹکیت اور نریش ٹکیت پر آنجہانی چودھری مہندر سنگھ ٹکیت کے نظریہ سے بھٹکنے کا الزام لگا رہے ہیں، جو آخر کار تنظیم میں تقسیم کی وجہ بنی ۔