سبھی ریاستوں میں ہٹیں گی پابندیاں؟ مرکزی حکومت نے خط لکھ کر دی یہ ہدایت
03:24PM Wed 16 Feb, 2022
Share:
نئی دہلی : ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر دھیرے دھیرے کم ہوتا نظر آرہا ہے ۔ روزانہ درج کئے جارہے نئے معاملات میں گراوٹ دیکھی جارہی ہے ۔ اسی گراوٹ کو بنائے رکھنے کیلئے مرکزی حکومت پوری مستعدی سے کام کررہی ہے ۔ مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو کورونا پروٹوکول کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ بھوشن نے اپنے خط میں اضافی کورونا بندشوں کا جائزہ لینے اور ترمیم کرنے یا انہیں ختم کرنے کیلئے کہا ہے ، کیونکہ ملک میں وبا کا قہر لگاتار کم ہوتا ہوا نظر آرہا ہے ۔
بھوشن نے اپنے خط میں کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو بھی یومیہ بنیاد پر معاملات کے کم ہونے کی سطح اور انفیکشن کے پھیلاو کی نگرانی جاری رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ وبا پر لگام لگانے کیلئے پانچ سطحی حکمت عملی بھی بناسکتے ہیں ، جس میں ٹیسٹ ، ٹریک ، ٹریکٹ ، ٹیکہ کاری اور کووڈ کے مناسب پروٹوکول پر عمل کیا جاتا ہے ۔
ملک میں بدھ کو آئے 30615 نئے معاملات
وہیں دوسری طرف مرکزی وزارت صحت کی طرف سے بدھ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 30615 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 42723558 تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران کورونا سے 514 افراد کی اموات ہوئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 509872 ہو گئی ہے۔
اسی عرصے میں 82 ہزار 988 مریضوں نے کورونا کو شکست دی ہے جس کے ساتھ ہی انفیکشن سے نجات پانے والوں کی تعداد 41843446 ہو گئی ہے۔ کووڈ 19 کے ایکٹیو مریضوں کی تعداد 52887 کم ہوکر 370240 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے فعال معاملات کی شرح 0.87 فیصد ہے جب کہ شفایابی کی شرح 97.94 فیصد ہے۔