ہندوستان ۔ چین تنازع پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا : فوج نے ملک کا سر فخر سے بلند کردیا
01:46PM Sat 16 Jan, 2021
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہند - چین کشیدگی کے دوران ہندوستانی فوج نے کرشمائی کام کیا ہے ، جس سے نہ صرف پورے ملک کا حوصلہ بڑھا ہے بلکہ ملک کا سر بھی بلند ہواہے۔ راجناتھ سنگھ نے لکھنو میں 435 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے نیو کمانڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا کہ ہند -چین کشیدگی کے دوران ہندوستانی فوج نے کرشمائی کام کیا ہے ، جس سے پورے ملک کا حوصلہ بڑھا ہے اور ملک کا سر بلند ہوا ہے۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف منوج مکند نروانے اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال رکاوٹوں کا سال تھا جبکہ نیا سال مسائل کے حل کا سال ثابت ہوگا ۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش نے ترقی کا سفر شروع کیا ہے اور نیو کمانڈ اسپتال اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تقریبا 17 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جانے والا یہ اسپتال 788 بستروں پر مشتمل ہوگا جس میں 100 ایمرجنسی بیڈس الگ رکھے جائیں گے۔ اسپتال سے چھ ہزار جوانوں اور ان کے اہل خانہ کے علاوہ ریٹائرڈ فوجی اہلکار مستفید ہوں گے۔ نرسنگ اور ڈینٹل پریکٹیشنرس نیو کمانڈ اسپتال میں تربیت حاصل کرسکیں گے۔ یہ اسپتال تین سے چار سال میں تیار ہوجائے گا۔
لکھنؤ سے رکن پارلیمنٹ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں سے نیو کمانڈ اسپتال کی ضرورت پر غور کیا جارہا تھا ، لیکن کسی نہ کسی وجہ سے اس کی تعمیر میں تاخیر ہورہی تھی ۔ لیکن اب تمام رکاوٹیں دور کردی گئیں ۔ ماحولیاتی طور پر یہاں لگائے گئے درختوں کو کاٹنے کی بجائے ان کو منتقل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں کورونا کی ٹیکہ کاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔ ملک کے سائنسدانوں نے دو دیسی ویکسین بنائی ہیں جبکہ چار مزید آرہی ہیں۔ اس سے نہ صرف ملک میں ٹیکے لگانے میں مدد ملے گی بلکہ دوسرے ممالک میں بھی ویکسین کی برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔ ہندوستان کی یہ روایت رہی ہے کہ ہم نہ صرف اپنا خیال رکھتے ہیں بلکہ ایک خاندان کی حیثیت سے پوری دنیا کی مدد کے لئے تیار رہتے ہیں۔