گڈ کری مستعفی، راج ناتھ بی جے پی کے نئے صدر

04:23AM Thu 24 Jan, 2013

گڈ کری مستعفی، راج ناتھ بی جے پی کے نئے صدر بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر کے انتخاب سے ایک روز قبل پارٹی کے صدر نتین گڈ کری نے اچانک اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے جن کی جگہ پر راج ناتھ سنگھ کو متفقہ طور پر نیا صدر نامزد کیا گیا ہے ۔ نتین گڈ کری دوسری مرتبہ صدر کے عہدے کے لیے کھڑے ہونے والے تھے اور انہیں آر ایس ایس کی مکمل حمایت حاصل تھی ۔ نتین گڈکری ایک صنعت کار ہیں اور ان کی کمپنی کے خلاف بدعنوانی کے کئی معاملات کی تفتیش بھی ہو رہی ہے ۔ پیر کو بھی انکم ٹیکس کے محکمے نے ان کی بعض کمپنیوں سے غیر قانونی طور پر لین دین کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی تھی ۔ اسی طرح کی کئی وجوہات کی بنا پر گڈ کری کو دوبارہ صدر منتخب کیے جانے کے سوال پر پارٹی کے اندر اختلافات بڑھتے جا رہے تھے ۔ پیر کی شب اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے گڈکری نے کہا ’میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے لیکن کانگریس کی حکومت میرے پیچھے پڑی ہوئی ہے ۔ میں نہیں چاہتا کہ میری جماعت کو کسی طرح کا نقصان پہنچے ۔اس لیے میں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔‘ دلی میں پیر کی رات آر ایس ایس اور بی جے پی کے سینیئر رہنماؤں کی موجودگی میں راج ناتھ سنگھ کو صدر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وہ منگل کی صبح بی جے پی کے صدر دفتر میں صدر کے عہدے کے لیے اپنے کاغزات نامزدگی داخل کریں گے ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پارٹی کا کوئی اور رہنما صدر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑے گا یا نہیں ۔ بی جے پی میں عموماً صدر کو متفقہ طور پر منتخب کرنے کی روایت رہی ہے۔ نریندر مودی دو ہزار چودہ کے پارلیمانی انتخاب میں حزب اختلاف کے وزارت عظمی کے امیدوار کے طور پر آگے آنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ بہت سے مبصرین بی جے پی کے اندر قیادت کی رسہ کشی کو مودی کے مخالفین اور حامیوں کی کشمکش سے تعبیر کر رہے ہیں ۔ سابق صدر نتین گڈکری آر ایس ایس سے بہت قریب سمجھے جاتے ہیں ۔ آر ایس ایس کے تعلقات گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی سے اچھے نہیں رہے ہیں ۔ مودی اور گڈکری کے درمیان بھی اس نوعت کے تعلقات نہیں تھے جو ایک وزیر اعلی کے اپنی پارٹی کے صدر سے ہونے چاہیئں ۔ مسٹر گڈکری کا پارٹی کے محور سے ہٹنا مودی کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا BBC download (4)